مریدکے، تیزرفتار بس کی وین کو ٹکر، تبلیغی جماعت کے 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی
مریدکے(نمائندہ خصوصی) لاہور، اسلام آباد موٹر وے پر کوٹ عبدالمالک انٹر چینج کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے تبلیغی جماعت کے ویگن میں سوار پانچ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 10 شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کر دیا۔حادثہ کا ذمہ دار بس ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔بد قسمت ویگن کوہاٹ سے لاہورررائیونڈ آرہی تھی۔جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تبلیغی جماعت کے ارکان کو لے کر ہائی ایس ویگن کوہاٹ سے لاہور آرہی تھی کہ کوٹ عبدالمالک کے قریب معروف ٹرانسپورٹ کمپنی کی تیز رفتار بس نے اسے عقب سے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں ویگن سڑک سے اتر کر درختوں سے جا ٹکرائی اور اس کا اگلا حصہ تباہ ہو گیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے متاثرہ ویگن کے آہنی حصے کاٹ کر نعشوں اور زخمیوں کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال پہنچنے والوں مزید تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔جاں بحق افراد کی شناخت 60 سالہ امان خان، سالہ بہرام خان، حضور محمد، فرید خان اور محمد ایوب کے نام سے ہوئی ہے۔زخمیوں میں ایوب ولد ناصر، جاوید ولد نزیر، نور الباسل ولد سعید، طارق ولد عرفو دین، شیر علی ولد سیف، سید عمران ولد بک گل، حکیم ولد وزیر، شیر زمان ولد جعفر، گل شیر ولد جمعہ خان، تاج خان ولد گل دین شامل ہیں۔تمام افراد کا تعلق کوہاٹ سے بتایا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔زخمیوں میں شامل تین افراد کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔


















