پولیس ملازمین کی بہترین ویلفیئر ترجیح، سپروائزری افسران فوری ازالہ یقینی بنائیں،آئی جی

لاہور: (کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سنیں، مسائل کے فوری ازالے کیلئے احکامات جاری کیے۔

عثمان انور نے اے ایس آئی احسان شہید کی اہلیہ کی پنجاب کانسٹیبلری سے اوکاڑہ تبادلے کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی، حافظ آباد کے کانسٹیبل عمران بشیر کی غازی قرار دئیے جانے کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کی ہدایت کی،ہیڈ کانسٹیبل رشید شہید کے بیٹے علی حمزہ کی بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ضروری کارروائی کا حکم دیا،سب انسپکٹر ارشد محمود کی سروس کی ریگولرائزیشن سے متعلقہ درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ریلیف کی ہدایت کی جبکہ سب انسپکٹر انتظار حسین کی قصور میں درج مقدمہ کے حوالے سے درخواست پر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو ریلیف دینے کا حکم دیا۔

آئی جی نے ایڈمن، ڈسپلن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا پولیس ملازمین کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح اور سپروائزری افسران فوری ازالہ یقینی بنائیں، معاشرے کی اصلاح، شہریوں کو امن و انصاف کی فراہمی میں ممبر و محراب کا اہم کردار کے پیش نظر پنجاب پولیس مختلف اقدامات یقینی بنا رہی ہے، اسی سلسلے میں پنجاب پولیس نے کمیونٹی پولیسنگ، شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے مستحسن اقدام اٹھایا ہے، آر پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران نے جمعتہ المبارک کے موقع پر علاقائی مساجد کے دورے کئے، سینئر پولیس افسران نے نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سن کر فوری ازالے بارے احکامات جاری کیے ۔