مشرق پر حملہ ناقابل برداشت، احتجاج کی کال پر لبیک کہیں گے،پھول یونین

لاہور:(اپنے نمائندے سے)واسا پھول یونین نے روزنامہ مشرق کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کر دیا۔

واسا پھول یونین کے صدر سعید احمد خان ،جنرل سیکرٹری رانا سلیم بلو اور چیئرمین مرزا ندیم نے گروپ ایڈیٹر روزنامہ مشرق اشرف سہیل سے ملاقات کی،مشرق پر ہونےوالے حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مکمل یکجہتی کیا۔

سعید احمد خان ،رانا سلیم بلو ،مرزا ندیم نے کہامشرق تاریخی اخبار اورہمیشہ مثبت و معیاری صحافت کو فرو غ دیا،صحافتی ادارے پر حملہ ناقابل برداشت و افسوسناک ہے ،انصاف کے حصول کی خاطر واسا پھول یونین مشرق انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہے اگر مشرق انتظامیہ نے احتجاج کی کال دی تو لبیک کہیں گے۔

پھول یونین کے عہدیداروں نے کہاروزنامہ مشرق ہمیشہ عوام ،سرکاری ملازمین کی آواز بنا ،صحافی و صحافتی ادارے آئین و قانون کا احترام کرنے کےساتھ قانون پر عملدرآمد یقینی بناتے ہیں ،روزنامہ مشرق لاہور میں پیش آنے والے واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اگر کوئی عدالتی حکم نامہ تھا تو احسن طریقے سے سر انجام دیا جا سکتا تھا۔

سعید احمد خان ،جنرل سیکرٹری رانا سلیم بلو اور چیئرمین مرزا ندیم نے مزید کہا بلوائیوں کو صحافتی ادارے پر چڑھ دوڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،کسی بھی صحافتی ادارے پر دھاواآزادی صحافت پر حملہ ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب و دیگر اعلیٰ حکام انصاف کی فراہمی کےلئے ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں ۔