ری ویمپنگ منصوبے میں معیار اور شفافیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی و دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران جنرل ہسپتال لاہور، سروسز ہسپتال لاہور اوریکی گیٹ ہسپتال لاہور میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران، کنٹریکٹرز اور ایکسین نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے ری ویمپنگ منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ری ویمپنگ منصوبے میں معیار اور شفافیت بارے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ صوبائی وزیرصحت نے متعلقہ کنٹریکٹرز کو جنرل ہسپتال، سروسز ہسپتال اور یکی گیٹ ہسپتال میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔خواجہ سلمان رفیق نے کنٹریکٹرز کو دو شفٹوں میں کام بڑھا کر جنرل ہسپتال، سروسز ہسپتال اور یکی گیٹ ہسپتال میں منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں ایم ایس جنرل ہسپتال لاہور ڈاکٹر فریاد، ایم ایس سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر عبدالمدبر اور ایم ایس یکی گیٹ ہسپتال ڈاکٹر ریاض نے ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔