لاہور (خبرنگار) بلدیہ عظمیٰ لاہورکے مرکزی سپیشل سکواڈ برائے انسداد تجاوزات کا بندش کے باوجود غیر قانونی طور پر خفیہ کارروائیوں کا سلسلہ تاحال نہ رک سکا۔ دوسری جانب نئے ڈی سی لاہور کو ادارے کی خرابیوں اور بدعنوانیوں سے بے خبر رکھنے کیلئے بیرونی دوروں کے معاملات میں الجھائے رکھنے کی کوششیں جاری۔ معلوم ہوا ہے کہ آمدن سے زائد اخراجات اور عوامی شکایات کی بدولت سابق ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے سپیشل سکواڈ کو کارروائیوں سے روکتے ہوئے ٹرک اور عملہ فوری طور پر واپس زون میں بھجوانے کا حکم جاری کیا تھا، لیکن ذہنی طور پر اس بندش کے حق میں نہ ہونے کے باوجود چیف افسر علی عباس بخاری کو بوجہ مجبوری 22 جولائی کو سپیشل سکواڈ کی بندش کے آرڈر جاری کرنا پڑے مگر ناجائز آمدن کا یہ بہت بڑا ذریعہ بند ہونے کا دکھ چیف افسر سمیت ریگولیشن برانچ کیلئے کسی اذیت سے کم نہ تھا، جسکا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ افسران اپنی نجی محفلوں میں اس موزوں کو زیر بحث لا کر اس کی کارروائیوں سے مستفید رہنے کے مشوروں کا تبادلہ کرتے رہتے۔ تاہم چیف افسر اور ایم او ریگولیشن کا یہ صدمہ اس وقت مزید گہرا ثابت ہوا جب ریگولیشن کلرک قیصر حنیف نے بھی ان کے ناجائز مالی مطالبات پورے کرنے پر ہاتھ کھڑے کر لئے۔ چنانچہ سابق ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر کی تبدیلی کے بعد اب سپیشل سکواڈ نے غیر قانونی طور پر خفیہ کارروائیوں کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکز کے پاس موجود سپیشل سکواڈ کے تین ٹرکوں کے اختیارات چیف افسر نے کلرک قیصر حنیف کے سپرد کر دئیے ہیں، اب سپیشل سکواڈ کے مذکورہ ٹرک کلرک کے حکم پر دن رات سڑکوں سے سامان اٹھاتے پھر رہے ہیں اور بکر منڈی میں موجود سنٹرل سٹور پر سامان لیجا کر سرے عام فروخت کر دیا جاتا ہے اس عمل کی براہ راست نگرانی کلرک قیصر حنیف کرتا ہے، اور ان ناجائز کاروائیوں کے ذریعے روزانہ اکٹھی ہونے والی تین لاکھ روپے تک کی آمدن چیف افسر سمیت ایم او آر اور مذکورہ کلرک کے درمیان تقسیم ہوتی ہے۔ ماضی میں جب سنٹرل سٹور کے ریکارڈ چیک کرنے کی بات نکلی تو ریگولیشن برانچ کے پاس زبانی جمع تفریق کے علاوہ اپنی صفائی بیان کرنے کیلئے کچھ نہیں تھا۔ اب بھی اگر سپیشل سکواڈ کے ٹرکوں کو غیر قانونی طور پر جاری ہونے والے ایندھن اور سڑکوں سے اٹھائے گئے سامان سے حاصل ہونے والی سرکاری آمدن کا حساب مانگ لیا جائے تو ان کے پاس کچھ نہیں ہو گا۔
بلدیہ عظمیٰ ، مرکزی سپیشل سکواڈ برائے انسداد تجاوزات کی بندش کے باوجود خفیہ کارروائیاں

















