پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، طلبہ کیلئے وزیراعلیٰ ہونہار سکالر شپ سکیم کا اعلان

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہونہار سکالر شپ سکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے آفس ارفع کریم ٹاور میں پرائیویٹ یونیورسٹیز کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پرد ستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات ،چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر شاہد منیر ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے شرکت کی۔ سکیم کے تحت پنجاب کے ہونہار اور مستحق طلبہ وطالبات کو امسال 7ارب روپے کے سکالر شپ دیے جائیں گے۔7 سال پر مشتمل یہ سکیم ہوگی جس کے بجٹ کی کل مالیت 131 ارب ہوگی۔ہرسال اس بجٹ میں10 فی صد اضافہ ہوگا۔اس سکیم سے پنجاب کے 30 ہزار سٹوڈنٹس مستفید ہونگے۔ہونہار سکالر شپ سکیم کے تحت پبلک سیکٹر یونیورسٹیز اورکالجز کے بعد اب پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلبہ بھی مستفید ہوسکیں گے۔ پنجاب کے طلبہ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ، لمز، نسٹ ،فاسٹ ، این یو آئی بی اے کراچی ، آغا خاں یونیورسٹی کراچی ، کامسٹ میں اس سکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔ اس سکیم کے تحت مستحق طلبہ کی سکروٹنی یونیورسٹیز کریگی جبکہ اس کی مانیٹرنگ پنجاب ایچ ای سی کریگی۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خاں نے تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مستحق طلبا کو مالی مدد فراہم کرنا ہے ، اس سکیم کے تحت پنجاب ڈومیسائل کے حامل ہونہار طلباءکو سکالرشپ ملے گا جس سے وہ انڈرگریجویٹ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے اس اقدام سے غریب والدین کے بچے بھی ملک کی ٹاپ یونیورسٹیز میں داخلہ لے سکیں گے ۔ہم اس انقلابی قدم کو سراہتے ہیں۔ تقریب میں ملک کی ٹاپ 7 یونیورسٹیز کے ریکٹرز اور پروریکٹرزنے بھی شرکت کی جنہوں نے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سراہا ، تقریب میں پرائیویٹ یونیورسٹیز کے نمائندگان ڈاکٹر علی چیمہ، ڈاکٹر آفتاب احمد معروف ، سردار امین اللہ خاں، ڈاکٹر عثمان، ڈاکٹر اسد حسین کے علاوہ ڈاکٹر منصور بلوچ ،ڈاکٹر تنویرقاسم، ڈاکٹر ممتاز، راﺅ نعمان بھی شریک تھے۔