لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس کا 2017ءسے قبل کے شہداءکے اہل خانہ کیلئے اپنی چھت کی فراہمی کا مشن تیزی سے تکمیل کی جانب سے گامزن ہے جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے مزید 10شہداءکی فیملیز کو ذاتی گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کر دئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے فیصل آباد ریجن کے شہداءکے اہل خانہ سے سنٹرل پولیس آفس ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے 10 شہداءکے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دئیے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہداءکی فیملیز کو جدید سہولیات سے آراستہ بہترین رہائشی سکیموں میں پلاٹس فراہم کئے گئے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ 2017ءسے قبل کے 657 شہداءپولیس کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کئے جا چکے ہیں، پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے مستحق فیملیز کو مالی معاونت بھی فراہم کر رہے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے اب تک شہدا کی فیملیز کو 3 کروڑ 80 لاکھ روپے گھروں کی تعمیر کیلئے فراہم کر چکی ہے۔دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی درخواستیں سنیں، فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے، ذاتی و پیشہ ورانہ مسائل میں ہر ممکن ریلیف دیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام سپروائزری افسران ماتحت اہلکاروں سے قریبی رابطہ رکھیں،انکی پیش کردہ درخواستوں پر ہونے والے ایکشن کی رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے خدمت مراکز لاہور سمیت صوبہ بھر میں شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں اور رواں سال کے ابتدائی 08 ماہ میں اب تک 16 لاکھ 92 ہزار سے زائد شہری خدمت مراکز سے پولیسنگ سہولیات حاصل کر چکے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ہر ماہ لاکھوں شہری ایک درجن سے زائد کیٹیگریز میں پولیس سروسز سے مستفید ہو رہے ہیں۔
شہداءکے اہل خانہ کو جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی پلاٹس فراہم کردئیے :آئی جی پنجاب
















