لاہور :( اپنے رپورٹر سے) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کی تفصیلات جاری کردیں ،تفصیلات کے مطابق 201سے 500یونٹ تک بجلی صارفین کو بلوں میں14روپے یونٹ کمی کا ریلیف پہنچنا شروع ہوگیا،لاہور،ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی 5بجلی کمپنیوں کے 35لاکھ 16ہزار 877 صارفین کو ریلیف ملا، بجلی بلوں میں خصوصی ریلیف کی رقم بھی شائع کر دی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہاشمسی توانائی کے ذریعے عوام کو مستقل ریلیف دینے کا اگلا مرحلہ جلد شروع کریں گے، صفر سے 200یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کریں گے ، 201سے 500یونٹ استعمال کرنےوالے صارفین کو بلاسود سولر سسٹم آسان اقساط پر ملے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سے 200یونٹ استعمال کرنےوالے بجلی صارفین کو 50ارب کا ریلیف دیا۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کا ناممکن کام ممکن کردکھایا ،مریم نوازنے عوام کا ساتھ دےکر ثابت کیا دل میں احساس ہو تو عمل میں جھلک ضرور نظر آتی ہے ، عوام کو مزید ریلیف دیں گے، ہر ناممکن کو ممکن کر دکھانا، ہمیشہ وعدہ نبھانا ہی نوازشریف کی روایت ہے،نواز شریف کے دور کی سستی روٹی، بجلی کو عمران خان نے مہنگا کیا، پھر واپس سستا کر رہے ہیں ، مہنگائی پر قوم کا مجرم عمران خان ہے ،آئی ایم ایف کی پاکستان کو دوبارہ ضرورت عمران خان کی معاشی تباہی کی وجہ سے پڑی۔
لاکھوں بجلی صارفین کو ریلیف،وزیراعلیٰ پنجاب نے ناممکن کام ممکن کردکھایا،مریم اورنگزیب


















