عوام بجلی بلوں سے شدید پریشان ،پی ٹی آئی کا 8 ستمبر کو جلسہ ہماری مرضی سے ہوگا: گورنر خیبر پختونخوا

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر خیبر پختوانخوا ہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 8ستمبر کا پی ٹی آئی کا جلسہ ہماری مرضی سے ہوگا، اگر ہم چاہیں گے تو علی امین گنڈا پور خیبر پختوانخواہ سے جلسے کیلئے نکلیں گے ،پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی کمیٹیاں کام کر رہی ہیں،خیبرپختونخوا ہ میں سیاسی قیادت کو صوبائی حقوق کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں کوشاں ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری اعتزاز احسن سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیصل کریم کنڈی نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختوانخواہ علی امین گنڈا پور کی باتوں سے کبھی جلسہ نہیں ہو سکتا، تحریک انصاف انتشار پارٹی بنتی جاری رہی ہے۔دریں اثناءخیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے توانائی کا بحران حل کیا جائے۔لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ توانائی کے حوالے سے ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، عوام بجلی کے بلوں سے شدید پریشان ہیں لہٰذا وقت آگیا ہے کہ توانائی کا بحران حل کریں، پیپلزپارٹی سستی بجلی کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں سندھ ریگولیٹری اتھارٹی بنا رہے ہیں، توانائی شعبے کے چیلنجز کا مقابلہ کرکے بجلی کی قیمت کم کی جاسکتی ہے۔علاوہ ازیں گورنر خیبر پختوانخوا فیصل کریم کنڈی نے اقبال اکادمی پاکستان کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرو¿ف رفیقی نے فیصل کریم کنڈی کو خوش آمدید کہا اور انہیں اقبال اکادمی پاکستان کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالروف رفیقی نے بتایا کہ اکادمی نوجوان نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ اقبال اکادمی تحقیق و تصنیف کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیاپلیٹ فارم پر اقبال کی تعلیمات کے فروغ کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ اکادمی اقبال سائبر لائبریری ، یو ٹیوب چینل ، کلیات اقبال (اردو)اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے فہم اقبال کو عام کر رہی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک کا سافٹ امیج بہتر بنانے کیلئے اقبال کی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا۔اقبال کے کلام نے پوری دنیا کو متاثر کیا۔ مشرق و مغرب ان کی عظمت کے قائل ہیں۔ اقبال کے کلام میں آفاقی پیغام موجود ہے۔ ملت اسلامیہ کیلئے اخوت ،یگانگت اور اتحاد کا پیغام ہے۔نوجوان نسل کو علامہ اقبال ، خوشحال خاں خٹک اور تمام مفکرین و دانشوروں کے پیغام سے روشناس کرانے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔