فیصل آباد(بیورورپورٹ)سابق نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے40 خاندانوں کو بچانے کےلئے پورے ملک کو داو پر نہیں لگانا چاہیے، پاکستان کا ہر گھر بجلی کی وجہ سے پریشان ہے، صنعت کا پہیہ رکنے سے اکانومی کا پہیہ ر ک جاتا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہافیصل آباد پورے پاکستان کی صنعت کا دل ہے، صنعتکار ہونے کے ناطے اندازہ ہے کہ انڈسٹری بند ہونے کا دکھ کیا ہے، صنعتوں میں پیداواری لاگت میں 50 فیصد حصہ بجلی ہے، صنعتیں بند ہونے میں سب سے بڑا ہاتھ بجلی کی قیمتوں کا ہے، میں نے سب سے پہلے آواز اٹھائی صنعتیں 16 سینٹ فی یونٹ پر نہیں چل سکتیں، صنعتوں کےلئے 9 سینٹ فی ڈالر کا ریٹ کرایا، بجلی کا نظام حکومت سے نہیں چل رہا، ایک لاکھ کروڑ روپے آئی پی پیز کو مفت دیئے جا رہے ہیں۔
سابق نگران وفاقی وزیر تجارت نے کہا حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ، آئی پی پیز سے ایسے معاہدے کیے گئے جو دنیا میں کہیں نہیں ہوئے، ایسے معاہدوں کے ہوتے ہوئے دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکتے، معاہدے پاکستان کی اکانومی سے خون چوس رہے ہیں، دنیا میں فی یونٹ 7 سے 9 سینٹ تک ریٹ ہے۔
40 خاندانوں کو بچانے کےلئے پورے ملک کو داو پر نہیں لگانا چاہیے، گوہراعجاز


















