ہمارا مذہب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے: صدر آصف زرداری

اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔ 11 اگست کو اقلیتوں کے دن پر جاری کئے گئے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں یہ دن مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق و مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے قائد اعظم کے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہیں گے، اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کیلئے نشستیں مختص ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتی طلبہ کو وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت اور دیکھ بھال کی فنڈنگ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پاکستان اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، ہر پاکستانی کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع دیگا، یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔