لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے سموگ کے خاتمے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے وژن کو پنجاب کے پہلے گرینڈ پلان کی شکل دیدی گئی ، پنجاب کلائیمٹ چینج پالیسی اینڈ ایکشن پلان 2024 کو حتمی شکل دے دی گئی، کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی صدارت اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ پالیسی اور ایکشن پلان کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پنجاب کے سیکرٹری انوائرمنٹ اینڈ کلائیمٹ چینج راجہ جہانگیر انورنے مجوزہ مسودہ اجلاس میں پیش کیااور تفصیلی بریفنگ دی ۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے پنجاب کلائیمٹ چینج پالیسی اینڈ ایکشن پلان 2024کے مسودے کے معیار کی تعریف ، ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پنجاب کلائیمٹ چینج پالیسی اینڈ ایکشن پلان تمام سٹیک ہولڈرز کو بھجوایا جائے۔اجلاس میں پلانٹ فار پاکستان مہم کو تیز ، متاثرہ سیکٹرز میں گرین انوسٹمنٹ کرنے، تعلیمی نصاب میں کلائیمٹ چینج ایجوکیشن شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ جبکہ بارش کا پانی ذخیرہ کر کے سرکاری عمارتوں میں استعمال میں لانے کی تجویز ، مختلف اضلاع میں تجرباتی پروگرام شروع کرنے پر غور کیا گیا ۔ پانی کے معیارکا تجزیہ کرنے کیلئے واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم قائم ، زیر زمین پانی کو کنٹرول کرنے کیلئے قوانین متعارف کرانے کی بھی تجویز دی گئی ۔ اجلاس میں پانی کی بچت کیلئے آبپاشی میں جدید طریقے متعارف کرانے کی تجویز، پوٹھو ہار اورروہی کے علاقوں میں چھوٹے ڈیم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کو قحط سے بچانے کے خصوصی مینجمنٹ پلان شروع کرنے کی تجویز کا بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو ماحول دوست بلاسود قرضے دینے کی بھی تجویز زیر غور آئی ۔ سیکریٹری ماحولیات پنجاب راجہ جہانگیر انور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اقدام کا مقصد کلائیمٹ چینج کے مقابلے کی بہتر صلاحیت پیدا کرنا ہے، موسمیاتی تبدیلی درجہ حرارت اور گرمی کی شدت بڑھا رہی ہے ، موسمی تبدیلی کا نتیجہ سیلاب، قحط اور جنگلات میں آگ لگنے جیسے واقعات کی شکل میں سامنے آرہا ہے ، پنجاب میں ہر سال تقریباً 95 ہزار کلو ٹن گرین ہاﺅس گیسز اور 7ہزار 17 کلو ٹن مضر صحت گیسز کا اخراج ہورہاہے۔ اجلاس میں لاہور، راولپنڈی، میانوالی، ڈی جی خان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، بہاولنگر، بہاولپور اور ملتان ہائی ٹمپریچر ہاٹ سپاٹ قرار دیا گیا ۔اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ موسم کی تبدیلی انسانی زندگی اورموت کا معاملہ ہے، موسم کی تباہی زندگی کی تباہی بن رہی ہے، وزیراعلی پنجاب کا وژن انسان اور جانداروں کی زندگی بچانے کا مشن ہے، اقدامات کے علاوہ عوام کے ہر طبقے کو احساس دلانا ہوگا کہ درخت لگانا، ماحول کو زہروں سے پاک کرنا کیوں ضروری ہے۔ سیکرٹری انوئرمنٹ اینڈ کلائیمٹ چینج راجا جہانگیرانور، اربن یونٹ کے سی ای او عمر مسعود، ماہرین ماحولیات اور دیگر حکام اجلاس میں موجود تھے۔
پنجاب کلائیمٹ چینج پالیسی اینڈ ایکشن پلان تیار، کابینہ میں منظوری کےلئے پیش کرنے کا فیصلہ


















