ڈینگی،ملیریا پھیلنے کا خدشہ، جیلوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں:فاروق نذیر

لاہور(مرزا ندیم بیگ ):آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے مون سون بارشوں کے باعث ڈینگی ،ملیریا اور دیگر موذی امراض سے بچاﺅ کےلئے تمام سپرنٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیئے کہ فوری حفاظتی اقدامات اٹھائیں اس حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

پنجاب بھر کی جیلوں کے تمام سپرنٹنڈنٹس کو جاری کئے گئے مراسلے کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث ڈینگی ،ملیریا اور دیگر موذی امراض پھیلنے کا شدید خطرہ ہے ،چنانچہ احتیاطی اور انسدادی کارروائیوں کی فوری ضرورت ہے ،لاہور،راولپنڈی اور فیصل آباد حساس ترین اضلاع ہیں ،ڈینگی سمیت دیگر امراض سے بچاﺅ کےلئے جیل کے اندر اور سٹاف کالونی میں گندگی کا ڈھیر نہ لگنے دیں اور روزانہ کی بنیاد پر کچرا ،کوڑا کرکٹ جیل حدود سے باہر مناسب طریقہ سے ٹھکانے لگانے کا انتظام کریں تاکہ اسیران جیل ،جیل عملہ اور جیل کالونی میں رہنے والے افراد کو موذی امراض سے محفوظ رکھا جا سکے،محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے خصوصی اقدامات کئے جائیں،اس سلسلہ میں درج ذیل اقدامات پر عمل کیا جانا لازمی ہے۔

صفائی کے عملے کو پابند کیا جائے جیل کے اندر اور باہر ،دفاتر میں کسی بھی جگہ کوڑا کرکٹ اور پانی جمع نہ ہونے دیں اور احاطہ جیل و رہائشی کالونی میں مکمل طور خشک اور صاف ستھرے ماحول کو یقینی بنایا جائے ،صاف پانی جمع کرنے کے برتن مثلاً بالٹی،لوٹا،ڈرم،ٹینکی وغیرہ کو ڈھانپ کر رکھا جائے یا انڈیل دیا جائے،جیل میں لگے فواروں کا پانی نکال کر خشک کر دیا جائے،گٹر کے ڈھکن پر بنے سوراخوں اور پارک یا گذر گاہوں میں موجود گڑھوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے،جیل اور سٹاف کالونی کی چھتوں کے اوپر مکمل صفائی کروائی جائے اور کاٹھ کباڑ میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے ،گاڑیوں کے خراب ٹائرز اور دوسرے فالتو سامان کے سٹور کا مناسب بندوبست کیا جائے تاکہ اس میں پانی کھڑا نہ ہو سکے،پارکس یا چھتوں پر کسی بھی برتن وغیرہ میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے،کوڑا کرکٹ جا بجا پھینکنے کی بجائے شاپر بیگ میں ڈال کر کوڑے دان میں ڈالا جائے اسے ٹھکانے لگانے کا بندوبست کیا جائے ۔

مراسلے کے مطابق تمام عملے کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے اردگرد صفائی کا مکمل خیال رکھیں اور صفائی میں بے قاعدگی ،کوتاہی کی صورت میں فوکل پرسن کو فوری اطلاع دی جائے ،واش رومز کے پائپ اگر لیک کر رہے ہوں تو ان کی مرمت کا فوری بندوبست کیا جائے ، گملوں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے،جیل اور سٹاف کولونی کے اردگرد بارش کا پانی اور گندگی کا ڈھیر کسی بھی جگہ جمع نہ ہونے دیا جائے ،جیل ہسپتال میں ڈینگی کی ادویات وافر مقدار میں موجود ہوں،جیل رول قاعدہ نمبر773 کے تحت جیل وارڈان (مخافظین)کی رہائشی (لائنوں)جگہوں اور لٹرینوں کی صفائی اسی طریقہ سے کی جائے جیس کے جیل کے رول کا قاعدہ نمبر770 میں ذکر ہے،قاعدہ نمبر 792 کی روشنی میں مریض قیدی ہر روز غسل کریں گے ،جیل رول قاعدہ نمبر983 جز ۱۱کے مطابق میڈیکل آفسیر سٹاف کوارٹر اور لائنوں کا ہفتہ وار دورہ کر کے صفائی ستھرائی کی رپورٹ ہفتہ وار دفتر ہذا کو بھجوانے کا پابند رہے گا،محکمہ صحت کے متعلقہ ضلع ڈینگی سرویلنس ٹیمیں اپنے شیڈول کے مطابق ڈینگی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لینے اور مکمل خشک اور صاف ماحول کو یقینی بنانے کےلئے احاطہ جیل بشمول رہائشی کالونیوں کا دورہ کرنے کی قانوناً مجاز ہیں ،اس دوران ڈینگی روک تھام کے طے کردہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کی صورت میں مجوزہ کارروائی کی سفارش کریں گے ،علاوہ ازیں احاطہ جیل میں ڈینگی لاروا پائے جانے کی صورت میں سربراہ جیل کےخلاف قانون کے مطابق ایف آئی آر درج ہوگی ۔