وزیراعلیٰ کی مشاورت سے پولیس شہدا ءکیلئے مزید مراعات لیکر آئیں گے :سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے ) شہداءپولیس ہمارے ہیروز ہیں خراج عقیدت پیش کرنا فرض ہے جسے زندگی کے کسی بھی لمحہ میں فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔یہ وہ نڈر اور سربکف شہداءپولیس ہیں جن کی جرات اور بہادری کی داستانیں رہتی دنیا تک محکمہ پولیس کے مورال کی بلندی کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا قصور میں شہداءپولیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال ۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ،احسن رضا خان، آر پی او شیخوپورہ ریجن اطہر اسماعیل، ڈی پی او عیسیٰ خاں سکھیرا سمیت دیگر پولیس اور شہداءکے خاندانوں نے بھر پور شرکت کی ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ بہادر شہداءاپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے لڑتے اپنی جانوں کا نذرانے پیش کرتے ہیں جو تاریخ کا ماتھے کا جھومر ہے۔ عظیم شہداءپولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پنجاب اسمبلی میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائیگا جنہوں نے آج کو قربان کرکے ہمارے کل کو محفوظ بنایا ہے تاریخ جسے فراموش نہیں کر سکتی ۔ شہداءپولیس کی قربانیاں ہماری تاریخ کا حصہ ہیں جسے ایک لمحہ بھی بھلایا نہیں جا سکتا ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے مزید کہا کہ شہداءپولیس کے بچوں کو مفت تعلیم اور دیگر مراعات فراہم کرنا فرض اوّلین ہے ۔ تقریب کے آخر میں شہداءغازیوں کے بچوں میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے تحائف اور بچوں میں سائیکلیں اپنے ہاتھوں سے تقسیم کیں ۔