ساہیوال (چوہدری اشرف سے) آر پی اوساہیوال محبوب رشید نے تینوں اضلاع کے پولیس افسران کو اشتہاری ملزمان،گینگز سمیت قانون شکن عناصر کی گرفتاریوں کے اہداف دیدئیے،سنگین مقدمات کے نامزد ملزمان اشتہاریوں کی گرفتاری کی مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محبوب رشید کا ریجن بھر میں قانون شکن عناصر کیخلاف جاری قانونی آپریشن کی کامیابیوں پر مکمل فوکس ہے۔آر پی او نے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ریجن کے تینوں اضلاع ساہیوال،اوکاڑہ اور پاکپتن کے پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں آر پی اوساہیوال محبوب رشید نے تینوں اضلاع کے پولیس افسران کو سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزمان،عوام کے جان ومال کیلئے خطرہ بننے والے گینگز اور دیگر قانون شکن سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کیلئے اہداف دئیے۔آر پی او محبوب رشید نے تینوں اضلاع میں زیر تفتیش سنگین مقدمات کی تفصیلی پراگرس لی،جن مقدمات میں نامزد ملزمان اشتہاری ہیں ایسے مقدمات میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے کی گئی کاروائیوں کی پراگرس خود چیک کی اور ان کی گرفتاری کی مہم کو مزید تیز کرنے کیلئے ڈی پی اوز کو ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کے پاس ریاست کی طرف سے دئیے گئے وسائل اور قانون کی طرف سے دئیے گئے اختیارات ہیں،پولیس ان وسائل اور اختیارات کو قانون کے متعین دائرے میں استعمال کر کے عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنے کی پابند ہے۔اشتہاری ملزمان،گینگز اورقانون کو مطلوب سماج دشمن عناصر کی گرفتاری میں کسی قسم کی تاخیر، سستی نا قابل برادشت ہو گی جو پولیس افسران ایسا کریں گے ان کے خلاف سخت محکمانہ احتساب ہو گا۔
پولیس عوامی جان و مال کا تحفظ کرنے کی پابند ہے: آر پی او ساہیوال

















