پاکستان سب کا ہے، کسی کو نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے،عظمیٰ بخاری

ٹوبہ ٹیک سنگھ: (میاں افتخار احمد)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے محرم الحرام کے حوالہ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ جلوس کی وجہ سے راستہ بند ہونے پر ٹریفک پولیس متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے، عوام کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے ،کسی کو بھی سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پاکستان ہم سب کا ہے کسی کو نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بارشوں میں جلوس روٹس پر نکاسی آب کے انتظامات کرنے اور با رش کی صورت میں انتظامیہ کو متبادل پلان تیار رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔

بعد ازاں صوبائی وزرا نے 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکورٹی انتظامات کو چیک کرنے کےلئے مرکزی امام بارگاہ سے عبداللہ چوک تک پیدل روٹ کا وزٹ کیا ،جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی،بارشی پانی کی نکاسی، پیچ ورک،تجاوزات اور وال چاکنگ کے صفایا،لائٹنگ کے انتظامات اور سیکورٹی و دیگرضروری انتظامات کا جائزہ لیا۔

دریں اثنا صوبائی وزراءنے مرکزی امام بار گاہ کا بھی دورہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کی، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے انتظامی و حفاظتی اقدامات تسلی بخش ہیں،ٹوبہ ٹیک سنگھ امن کا گہوارہ ہے،محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کا مشن جاری ہے، محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے،فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اتحاد اور امن عامہ کیلئے علما کرام کا کردار نہایت اہم ہے،علمائے کرام قومی یکجہتی، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔

صوبائی وزرا نے امن کمیٹی کے ممبران سے بھی ملاقات کی،ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے محرم الحرام کے سلسلے میں اقدامات سے آگاہ کیا،صوبائی وزراءکو محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی،پیچ ورک،تجاوزات اور وال چاکنگ کے خاتمہ،لائٹنگ کے انتظامات اور سیکورٹی و دیگرضروری انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔