لاہور (کورٹ رپورٹر) پاکستان ٹیکس بار اور لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم سے ملاقات کر کے لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بننے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وفد نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بارز کے دورے کے دعوت بھی جو انہوںنے قبول کر لی ۔ملاقات کرنے والوں میں پاکستان ٹیکس بار کے پیٹرن رانامنیر حسین،لاہور ٹیکس بار کے صدر شہباز صدیق،پاکستان ٹیکس بار کے سینئر نائب صدر زاہد عتیق چودھری ،لاہورٹیکس بار کے جنرل سیکرٹری میاں زاہد،نائب صدر انیب اختر انصاری،فنانس سیکرٹری حسن یوسف،جوائنٹ سیکرٹری احمد رضا،پنجاب بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین فرحان شہزاد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم سے گفتگو کرتے ہوئے وفد نے آگاہ کیا کہ فنانس ایکٹ 2024کی بہت سی ترامیم لاہورہائیکورٹ میں چیلنج ہوں گی۔اپیل نظام میں تبدیلیوں سے سینکڑوں کیس ٹربیونلز کی بجائے براہ راست ہائیکورٹ میں آئیں گے جس میں فیکٹ فائنڈنگ اور قانون کی تشریح بھی ہائیکورٹ کو کرنا ہوگی جس سے لاہور ہائیکورٹ پر کیسز کا دباﺅ بڑھے گا ۔ایف بی آر کے اختیارات میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا ہے ،لاہور ہائیکورٹ کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا پڑیگا ۔ایس آر او 350کے کیسوں میں ابھی سے ٹیکس پیئر زسراپا احتجاج ہیں،عدلیہ واحد ادارہ ہے جہاں سے ٹیکس پیئرز انصاف کی توقع کر رہے ہیں لیکن اب لاہور ہائی کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کیلئے 50ہزار روپے فیس اور لائبیلیٹی کا 30فیصد جمع کرانا ٹیکس پیئرز کے لیے پریشانی کا سبب بنے گا ۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے ٹیکس بارز کے عہدیداروں اور ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قانون پر عملدرآمد اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ٹیکس دہندگان قابل احترام ہیں جو اپنی کمائی سے ملک قوم کیلئے ٹیکس ادا کرتے ہیں ،ٹیکس اہداف پورے کرانے میں ٹیکس بارزکا کلیدی کردار رہا ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ،موجودہ حالات کا ادراک ہے ،ٹیکسز کے کیس جلد نمٹانے کیلئے حکمت عملی طے کر رہے ہیں کیونکہ انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں چاہتے ،لاہور ہائیکورٹ کی روایت کو کو برقرار رکھتے ہوئے کیسوں کو تیزی کیساتھ حل کیا جائیگا ،تمام فیصلے میرٹ اور قانون آئین کے مطابق کرکے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔
ریونیو اہداف پورے کرانے میں ٹیکس بارزکا کلیدی کردار رہا ہے : چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

















