سیالکوٹ،راولپنڈی:(بیورورپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے سائل نہ ہونےوالے کو ہوم ڈیلیوری دی گئی،سپریم کورٹ نے مخصوصی نشستوں پر اپنے فیصلے میں آئین دوبارہ لکھا جو پارلیمنٹ کا حق ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاقانون سازی پارلیمنٹ کا استحقاق ہے،تمام اداروں کی ذمہ داریاں آئین میں درج ہیں، عدلیہ کا کام آئین کی تشریح کرنا ہے،فیصلہ اس شخص کی دہلیز تک پہنچایا گیا جو سائل ہی نہیں تھا، ہوم ڈیلیوری کی گئی،آئین کی سربلندی کےلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، سارا نزلہ سیاستدانوں پہ گرتا رہا سہتے رہے، لوگ پھانسی لگ گئے اور انصاف نہیں ملا، 2،2،3،3نسلوں سے لوگ انصاف کے منتظر ہیں،عدالت میں سنی اتحاد کونسل آئی ، پی ٹی آئی کا تو نام و نشان نہیں تھا،2،2حلف لینے والے ایوان میں پہنچ جائیں گے تو اسمبلی کی کیا وقعت رہ جائے گی،پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر انتخابی نشان کھونا پڑا۔
وزیر دفاع نے کہاپارلیمنٹ ، الیکشن کمیشن سب ایگزیکٹو ادارے ہیں ،اعلیٰ عدلیہ سیاسی مضمرات سامنے رکھ کر فیصلے نہیں کررہی،موجودہ صورتحال سے بڑا پنڈوراباکس کھل گیا ، قومی مستقبل کیلئے بات اچھی نہیں ،اب بھی پارلیمنٹ میں 209اراکین ہیں، عدلیہ کا سیاست میں مداخلت کا معاملہ کئی سالوں سے چل رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہافیصلے کےخلاف نظرثانی اپیل کا فیصلہ پیر کو پارلیمنٹ میں کیا جائے گا، فیصلے میں بہت سی آئینی شقوں کی خلاف ورزی کی گئی،ردعمل اتحادیوں کی مشاورت کے بعد دیں گے،معاشرے میں پہلے ہی انارکی پھیل چکی ، معاشی حالات کومزید خراب نہیں کیا جاسکتا، آئین و قانون پامال ہو گا تو سب اپنی حدود پار کر جائیں گے۔
دوسری جانب ن لیگ نے مخصوص نشستوں کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا،پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا مقدمے میں پی ٹی آئی تو فریق ہی نہیں تھی بلاوجہ ریلیف دے دیا گیا، کب تک آئین کی ایسی تشریح ہوگی؟،آزاد اراکین کو 15 دن دئیے گئے اور کہا مسئلہ ہو تو ہمارے چیمبر آجائیں، الیکشن کمیشن نے کہا پارٹی ختم نہیں کی صرف پارٹی الیکشن نہ کرانے پر انتخابی نشان لیا، کیا پارلیمنٹ کو تالہ لگا دیں، پارلیمنٹ کام کرنا چھوڑ دے؟ ، مخصوص نشستوں کے فیصلے کےخلاف نظرثانی کی درخواست دائر کریں گے، حکومت کےساتھ سیاسی جماعتیں ،متاثرہ اراکین بھی جائیں گے،فیصلہ جسٹس ثاقب نثار والی سہولت کاری ہے۔
سائل نہ ہونےوالے کو ہوم ڈیلیوری ،سپریم کورٹ نے فیصلے میں آئین دوبارہ لکھا،خواجہ آصف


















