اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹائز یشن ہماری معاشی بقا کا مسئلہ ہے، تمام پورٹس پر کسٹمز آپریشنز کو شفاف اور کرپشن فری بنانے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں،صنعتوں اور مصنوعات کو تحفظ دینے کےلئے انڈر انوائسنگ کا خاتمہ کیا جائے،کسٹمز ڈیوٹی کے بھرپور نفاذ کےلئے جدید ٹیکنالوجی،مصنوعی ذہانت اور آلات کا استعمال کیا جائے، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے اپنی زیر صدارت پاکستان کسٹمز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امورپر اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شہبازشریف نے کہا کسٹمز کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹائز یشن ہماری معاشی بقا کا مسئلہ ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی ایف بی آر اور دیگر اداروں میں جاری اصلاحاتی منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہر سطح پر یقینی بنایا جائے،مس انوائسنگ کے حوالے سے تمام تر مسائل حل کیے جائیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے دانش سکول کے طالبعلم آیان کاشف سے گفتگوکرتے ہوئے کہا دانش سکولز کا دائرہ وسیع کیاجائےگا، مشکل حالات میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان قابل تحسین ہیں، شہباز شریف نے آیان کاشف ،اہل خانہ کوانٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ لاہور میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباددی۔
وزیراعظم نے کہا نوجوانوں کے پاس ملکی ترقی کی کنجی ہے، حکومت زراعت، صنعتوں اور آئی ٹی جیسے شعبوں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ان کی تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دے رہی ہے، خوشی ہے مریم نواز صاحبہ بھی ویژن کو آگے بڑھا رہی ہیں، دانش سکولز نیٹ ورک کو ملک بھر میں تیزی سے پھیلایا جائے گا۔
شہباز شریف نے ایان کاشف کو 10 لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ دیا جس پر انہوں نے دانش سکولوں کے قیام کے وزیراعظم کے ویژن کو سراہا۔
ایف بی آر اصلاحات معاشی بقا ءکا مسئلہ، انڈر انوائسنگ کا خاتمہ کیا جائے:وزیراعظم



















