حکومت نے رکاوٹیں ڈالی تو اسلام آباد جانیوالے ہر راستے پر دھرنا ہوگا،جاوید قصوری

فیصل آباد:(صداقت علی) جماعت اسلامی کے صوبائی امیرجاویدقصوری نے کہاہے کہ12جولائی کوڈی چوک اسلام آباد میںعوامی حقوق کیلئے دھرنا دے گی۔حکومت نے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تواسلام آبادجانے والے ہرراستہ پردھرناہوگا۔حکمرانوں کو عوامی مطالبات تسلیم کرنا پڑیں گے۔پر امن دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ آئی ایم ایف کے غلاموں سے خیر کی توقع نہیں ۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکمرانوں سے چھین کر ریلیف حاصل کیا جائے۔

جاویدقصوری نے المرکز الاسلامی میں سیاسی،سماجی،مذہبی،تاجر اورلیبر تنظیموں ، وکلاء، طلباءسمیت ہر مکتبہ فکر اورسول سوسائٹی کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12جولائی کو عوام باہر نکلیں اور اسلام آباد پہنچیں۔یہ کیسا نظام ہے جس میں مراعات یافتہ طبقہ، بیوروکریٹ بجلی فری استعمال کرے اور عام آدمی بھاری بل ادا کرے، اس استحصالی نظام کو نہیں مانتے۔مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ آئی ایم ایف کے غلام حکمران قوم پر بجلی کے بم گرانا بند کریں۔ ٹیکسز کے ساتھ گھریلو صارفین کا فی یونٹ ٹیرف69 روپے 27 پیسے تک بڑھنے کا انکشاف حکمرانوں کی ظالمانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔تنخواہ دار طبقہ 375 ارب روپے براہ راست ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ اشرافیہ کو39سو ارب روپے کی ٹیکس چھو ٹ حاصل ہے۔