برطانیہ انتخابات، سردار مہندر سنگھ کی سکھ رہنماﺅں کو کامیابی پر مبارکباد

لاہور (علی جنید) سابق پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی و انسانی حقوق سردار مہندر سنگھ پال جو کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب اقلیتی ونگ کے صدر بھی ہیں، نے برطانوی انتخابات میں 8 سکھ رہنماﺅں جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں، کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ برطانیہ، امریکہ، کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں سکھ برادری کی شاندار کامیابی سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی مہاراج کی تعلیمات کا اثر ہے۔ انہوں نے نومنتخب برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کی اپیل بھی کی اور کہا کہ سکھ دھرم میں مظلوم کا ساتھ دینے کی روایت گوروں نے اپنے خون سے قائم کی ہے۔ یاد رہے کہ برطانیہ کے حالیہ انتخابات میں تن من جیت سنگھ، گوریندر سنگھ، جوسا وریندر، جس جس اٹھوال، پریت کور، گل ستویر کور، ہرپیت کور اور اوپل سونیا کور کمار نے لیبر پارٹی کی طرف سے کامیابی حاصل کی ہے۔