فیصل آباد: ایف آئی اے نے بجلی چوری میں ملوث گینگ پکڑ لیا

فیصل آباد: (بیورو رپورٹ) ایف آئی اے فیصل آباد نے ڈیجیٹل آلات سے بجلی چوری میں ملوث گینگ کے سرغنہ وحید کو اسلام پورہ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم فیسکو عملے کی ملی بھگت سے جدید سافٹ ویئر کے ذریعے میٹر میں کم ریڈنگ ظاہر کرتا تھا۔

گرفتار ملزم سے متعدد تھری فیز کمرشل اور سنگل فیز میٹر ، الیکٹرانک ڈیوائسز ، لیپ ٹاپ ، میٹر میں تبدیلی کے سافٹ ویئر اور تار برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔


ایف آئی اے حکام کے مطابق کمپوزٹ سرکل کی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر جھنگ روڈ پر واقع اسلام پورہ میں چھاپہ مار کر ڈیجیٹل ڈیوائسز کے ذریعے بجلی چوری کرنے والے گینگ کے سرغنہ وحید احمد کو گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ بجلی چوری میں ملوث فیسکو عملے کی نشاندہی کے لئے گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزم وحید فیسکو کے عملے کی ملی بھگت سے جدید سافٹ ویئر اور آلات استعمال کر کے بجلی کے میٹرز میں تبدیلی کرتا تھا اور سافٹ ویئر کی مدد سے میٹروں میں کم ریڈنگ ظاہر کی جاتی تھی۔ ایف آئی اے ٹیم نے گرفتار ملزم وحید سے متعدد تھری فیز کمرشل اور سنگل فیز میٹر ، الیکٹرانک ڈیوائسز ، لیپ ٹاپ ، میٹر میں تبدیلی کے سافٹ ویئر اور تار برآمد کر لئے ہیں۔