سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ساہیوال:(بےورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے کہا ہے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع بھر میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ انہیں ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جا سکے، تمام منصوبوں پر کام کے معیار کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام منصوبوں کے ثمرات سے تادیر مستفید ہو سکیں، وہ اپنے دفتر میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اکرم وٹو سمیت تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو نئے مالی سال کےلئے اپنی اپنی سکیموں کے پی سی ون فوری تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ 31جولائی تک نئی تمام سکیموں کی منظوری حاصل کی جا سکے، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اکرم وٹو نے بتایا سالانہ ترقیاتی پروگرام2024-25 میں ضلع بھر کی 49سکیمیں شامل کی گئی ہیں جن میں 30 جاری سکیموں پر 12 ارب 52 کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں جبکہ 19 نئی سکیموں پر لاگت کا تخمینہ 10 ارب 52 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔