واشنگٹن(بیورو رپورٹ) امریکی صدر جو بائیڈن نے صدارتی الیکشن کے سلسلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اپنی خراب کارکردگی کا اعتراف کرلیا۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بائیڈن نے پہلے صدارتی مباحثے میں خراب کارکردگی کے باوجود صدارتی انتخابات کی دوڑ سے باہر ہونے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔ بائیڈن کی مباحثے میں کمزور کارکردگی پر ان کی اپنی جماعت میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے 81سالہ امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ صاف ظاہر ہے کہ میں جوان آدمی نہیں ہوں اور اب آسانی سے بول اور چل نہیں سکتا۔ اس طرح بحث بھی نہیں کرسکتا جیسے کیا کرتا تھا تاہم مجھے سچ بولنا اور اپنا کام کرنا آتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ ناکام ہوتے ہیں تو واپس کھڑے بھی ہوتے ہیں۔ میں دوبارہ الیکشن میں حصہ نہ لیتا اگر میں دل و جان سے یہ یقین نہ رکھتا کہ میں بطور صدر اپنا کام کر سکتا ہوں۔ جمعہ کو ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے میں جو بائیڈن اپنے حریف کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ معیشت اور امیگریشن سمیت ہر موضوع پر جھوٹے اور گمراہ کن بیانات دیتے رہے۔ مباحثے کے دوران بائیڈن کے جوابات واضح نہیں تھے اور وہ ہکلاہٹ کا بھی شکار رہے جس کے بعد ووٹرز میں ان کی عمر اور فٹنس کے حوالے سے سوالات پیدا ہوئے ہیں۔
بائیڈن کا مباحثے میں خراب کارکردگی کا اعتراف، ٹرمپ کو ہرانے کیلئے پرعزم

















