لاہور(اپنے نمائندے سے) ریلویز انتظامیہ کے مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے کاغذی، ٹرینوں کی بروقت آمدورفت میں مکمل ناکام، متعدد مسافر ٹرینیں مستقل بنیادوں پر گھنٹوں تاخیر کا شکار رہنے لگیں، مسافروں کو شدید گرمی میں سہولیات کی عدم دستیابی، انتظامیہ زبانی جمع تفریق تک محدود، تکنیکی مسائل کے باعث ٹرینیں حادثات کا بھی شکار، انتظامیہ کی طرف سے عملی اقدامات کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کی جانے لگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز انتظامیہ کی جانب سے مسافر ٹرینوں کی مختلف شہروں سے لاہور آمد اور روانگی کو بروقت کرنے کی منصوبہ بندی میں فقدان سے مسافروں کو منزل پر پہنچنے میں مسائل کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے متعدد بڑے روٹس پر چلنے والی مسافر ٹرینیں مستقل بنیادوں پر تاخیر کا شکار ہیں جس پر ریلویز انتظامیہ کی جانب سے توجہ کاغذی رپورٹ تک ہونے کی وجہ سے دعوی کاغذی ثابت ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے لاہور ڈویژن کی جانب سے کراچی سے آنے والی متعدد مسافر ٹرینوں کے متعلق لاہور آمد تاخیر کے باعث لاہور سے روانگی بھی تاخیر سے ہونے کا سبب بن رہی ہے۔ کراچی ڈویژن انتظامیہ کی جانب سے مسلسل تاخیر کا شکار ہونے والی ٹرینوں کو بروقت کرنے کی خاطر کسی قسم کے عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے۔ شدید گرمی کے باوجود مسافروں کو سہولیات کی فراہمی بھی جمع تفریق تک دکھائی دے رہی ہے۔ گھنٹوں تاخیر کا شکار ہونے والی ٹرینوں کے انتظار میں اسٹیشن پر مسافروں کو پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی اور دیگر انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ٹریک اور دیگر تیکنیکی مسائل کی وجہ سے ٹرینوں کا حادثات کا سامنا بھی ہے جس میں گزشتہ روز ملت ایکسپریس کی پاور وین کا ہاٹ ایکسل ہونے سے تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ اسی طرح لاہور سے سیالکوٹ جانے والی لاثانی ایکسپریس کی پٹری ٹریک سے اتری۔ ریلویز انتظامیہ کا مسائل کو حل کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اسکے علاوہ مختلف تاخیر کا شکار ہونے والی ٹرینوں میں کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں میں کراچی سے آنے والی قراقرم، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور دیگر شامل ہیں جو کہ گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس پر لاہور ڈویژن انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ کراچی ڈویژن انتظامیہ کی طرف سے آنے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں باقی لاہور سے دیگر روٹس پر جانے والی مسافر ٹرینیں بروقت ہیں۔ مستقل حل کی بجائے مسافروں کو ٹرینوں کے تاخیر کے حوالے سے معلومات کی خاطر ہیلپ لائن نمبر سے رابطہ کرنے کی ہدایات جاری کی جاتی ہیں اور مسافروں کو ہیلپ لائن کے سپرد کرکے ذمہ داری کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلویز افسران لگژری دفاتر میں بیٹھ کر ہمارے پیسوں سے موجیں کررہے ہیں لیکن مسافروں کو سہولیات کی فراہمی دینے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ عرصہ سے لاہور اور کراچی کا سفر کر رہے ہیں لیکن ٹرینوں کے اوقات کار میں بہتری نہیں لائی جا سکی گھنٹوں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ریلوے سٹیشن پر انتظار کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ کھانے پینے کی ایشاءکے استعمال کی ضرورت پڑتی ہیں، سٹالز والے مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے من مرضی قیمتیں وصول کررہے ہیں جو مالی مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ اگر ریلوے انتظامیہ مسافروں کو بروقت کرنے کی خاطر عملی اقدامات کریں تو اس طرح کے مسائل سے نجات حاصل ہو جائے گی دعوی کاغذی ہیں عملی نہیں ہیں۔ ٹریک اور دیگر تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے لیکن اس کو حل کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے جس سے انسانی جانوں اور مالی نقصان ہورہا ہے۔
ریلوے انتظامیہ مسافروں کو سہولیات فراہمی میں مکمل ناکام ،ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار، زبانی جمع تفریق جاری

















