لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس اعلی تعلیم یافتہ افسران اور جوانوں پر مشتمل بہترین پروفیشنل فورس ہے جو شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر صوبہ بھر میں شب و روز مصروف عمل ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اس سال 195 پولیس جوان ڈکیتوں، منشیات فروشوں اور بدمعاشوں سے مقابلوں میں زخمی ہوئے جن کے بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی کیلئے محکمہ ہر ممکن معاونت فراہم کر رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سیف سٹیز پراجیکٹس کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلا رہے ہیں، اب تک پولیس کے مختلف کیڈرز میں 20 ہزار سے زائد پروموشن دیں، مزید سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ رواں برس فورس کی ویلفیئر پر 350 کروڑ روپے، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور سیف سٹیز پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں راولپنڈی ریجن کے بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کو تعریفی اسناد و انعامات دیتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اور درپیش مسائل کا ازالہ اوّلین ترجیحات میں شامل ہے، تمام سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کی پیش کردہ درخواستو ں اور مسائل کا فی الفور ازالہ یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس فورس ایک فیملی کی مانند ہے، ملازمین کے اہل خانہ کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، ویلفیئر، ڈسپلن اورریکروٹمنٹ سے متعلقہ تمام درخواستوں پر فوری ایکشن سے ریلیف فراہم کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین و فیملیز کی پیش کردہ درخواستیں سن کرازالے کیلئے احکامات جاری کئے۔
پنجاب پولیس اعلیٰ تعلیم یافتہ افسران، جوانوں پر مشتمل بہترین پروفیشنل فورس ہے :ڈاکٹر عثمان انور
















