عید الاضحی کی تیاریاں مکمل، لاہور میں 7 عارضی مویشی منڈیاں بھی مکمل فعال

لاہور (خبرنگار) ضلعی انتظامیہ لاہور نے عید الاضحی کی تیاریوں کے تمام انتظامات مکمل کرلئے، شہر میں 7 عارضی مویشی منڈیاں بھی مکمل فعال ہوگئیں، تجویز کردہ عارضی پوائنٹس کے علاوہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاون کیا جائیگا۔ ضلعی انتظامیہ کے اعلامیہ کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر شہر میں عارضی مویشی منڈیاں اور سیل پوائنٹس مکمل طور پر فعال ہوگئے ہیں، مویشیوں منڈیوں میں تمام تر انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے سرکاری سطح پر 7 مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں ۔ تحصیل شالیمار میں نیو کنگ لائن ہاﺅسنگ سوسائٹی مویشی منڈی فعال ، سپورٹس کمپلیکس اڈہ رکھ چھبیل کے مقام پر مویشی منڈی فعال، تحصیل ماڈل ٹاﺅن میں ایل ڈی اے سٹی نزد سدھر گاﺅں کاہنہ کاچھا ڈیفنس روڈ مویشی منڈی فعال، ہلوکی انٹر چینج نزد ایل ڈی اے سٹی میں مویشی منڈی فعال، تحصیل سٹی میں سگیاں روڈ نزد سوئی گیس آفس میں سیل پوائنٹس قائم، تحصیل کینٹ میں برکی روڈ نزد پیراگون سوسائٹی میں سیل پوائنٹس قائم، تحصیل رائیونڈ میں این ایف سی سوسائٹی ملتان روڈ مویشی منڈی فعال اور رائیونڈ نزد حویلی مرکز بالمقابل نثار سپننگ مل سندر روڈ پر عارضی سیل پوائنٹس قائم ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں لائٹس، شامیانے، پارکنگ،پینے کاپانی، صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں ، تجویز کردہ پوائنٹس کے علاوہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، ایم سی ایل، لاہور پارکنگ، لائیو سٹاک، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور سول ڈیفنس کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے تعاون سے منڈیوں کے اطراف میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ منڈیوں میں ویٹرنری ڈاکٹرز کی ٹیم موجود ہوگی مویشیوں کی صحت کا معائنہ کریگی، بیوپاریوں اور شہریوں کی سہولت کیلئے ہر مویشی منڈی میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عارضی مویشی منڈیوں میں شہریوں اور بیوپاریوں سے کسی قسم کی کوئی فیس وصول نہیں لی جائیگی، شکایت کی صورت میں منڈی میں قائم ہیلپ ڈیسک پر رابطہ کریں۔مویشی منڈیوں میں بنیادی اور ضروری سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمی کی اوّلین ترجیح ہے۔