تنور مالکان روٹی اور نان کی مقررہ قیمت پرفروخت یقینی بنائیں، طارق قریشی

گوجرانوالہ: (چودھری توصیف احمد)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ طارق قریشی کا حافظ آباد روڈ کا دورہ، مختلف تنوروں پر نرخ نامے اور روٹی و نان کا وزن بھی چیک کیا، حافظ آباد روڈ پر ہی معراج تندور/ ہوٹل پر بھی گئے جہاں 100 گرام تنوری روٹی صرف 10روپے میں فروخت کی جارہی تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے تندور مالک کو شاباش اور حوصلہ افزائی کےلئے نقد انعام بھی دیا۔

طارق قریشی نے سی ایم انیشی ایٹوز کے تحت روٹی کی سستے داموں فروخت یقینی بنانے کیلئے خود شہر مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ حافظ آباد روڈ کے دورہ کے دوران انہوں نے تنوروں پر روٹی کا وزن الیکٹرانک کنڈے پر چیک کیا اور تنور مالکان کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ قیمت اور وزن کی روٹی کی فروخت یقینی بنائیں۔ انہوں نے معراج تنور و ہوٹل حافظ آباد روڈ پر بھی روٹی کا وزن چیک کیا۔ روٹی 10 روپے میں دستیاب تھی اور چیک کی گئی روٹیوں کا وزن 100 سے 116 گرام تک پایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے تندور مالک کو شاباش دی اور حوصلہ افزائی کےلئے اپنی جیب سے نقد انعام بھی دیا۔ انہوں نے تنور مالک سے استفسار کیا کہ کیا اسے اس قیمت میں روٹی کی فروخت پر نقصان تو نہیں جس پر اس نے بتایا کہ وہ کم منافع کے ساتھ لوگوں بالخصوص قریبی کارخانوں، فیکٹریوں میں کام کرنے والے کم آمدنی والے مزدوروں سمیت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے اور اس قیمت پر فروخت کرنے میں اسے نقصان نہیں۔