فیصل آباد: (سید صداقت علی شاہ ) ڈائریکٹر جنرل ریسرچ پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمن نے کہا ہے پاکستان کا شمار گنے کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوارکے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے،انہوں نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ میں اجلاس و تربیتی ورکشاپ کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا پنجاب میں گنے کی اوسط پیداوار800 من فی ایکڑ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ عالمی فی ایکڑ پیداواربھی تقریبا 709 من فی ایکڑ ہے،کاشتکاروں کی گھریلو معیشت اور شوگر ملوں کی کامیابی کا دارومدار کماد کی فصل کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار پرمنحصر ہے، گنے کی فصل کوملکی معیشت میں اہم مقام حاصل ہے اور اس کا قومی جی ڈی پی میں 7 فیصد حصہ ہے۔
پروگرام میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل ، راناافتخار محمدچیئرمین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈکماداور زرعی سائنسدانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،چیف سائنٹسٹ و ڈائریکٹر زرعی تحقیقاتی ادارہ کمادڈاکٹر محمد ظفر نے کہا پنجاب میں گذشتہ سال 3.15ملین ایکڑ سے زائد رقبہ پر کماد کی کاشت کی گئی جس سے 88.65ملین ٹن چینی کا حصول ممکن ہوا ہے جو کہ پاکستان کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ جدید مشینری کے استعمال سے کماد کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے متعلق نئے تجربات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، زرعی سائنسدانوں نے کماد کی32 نئی اقسام متعارف کرائی ہیں،پاکستان میں 90فیصد سے زائد رقبہ پر ادارہ کی متعارف کردہ اقسام کاشت ہو رہی ہیں جس سے چینی کی پیداوار کے حوالہ سے قومی غذائی تحفظ کے حصول کے ساتھ کاشتکاروں کی خوشحالی بھی ممکن ہوئی ہے۔
پنجاب میں گنے کی اوسط پیداوار800 من فی ایکڑ سے تجاوز کر گئی، ڈاکٹر ساجد الرحمن


















