حکومت پنجاب صحت کارڈ کو جلد بہتر شکل میں لانچ کریگی: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بحریہ ٹا¶ن کے پانچویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نمایاں طلباءو طالبات کے درمیان گولڈ میڈلز و تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے اختر سعید میڈیکل کالج کے پانچویں کانووکیشن کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج سعید اختر میڈیکل کالج کے تمام 150 فریش گریجوایٹس اور انکے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ فریش گریجوایٹس کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ سعید اختر میڈیکل کالج گزشتہ پندرہ برسوں سے طبی دنیا میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ والدین نے کتنی محنت کرکے بچوں کو آج کامیابی کے اس مقام تک پہنچایا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فریش گریجوایٹس کیلئے آج کانووکیشن کا دن بہت اہم ہے۔ اپنے استاد میاں شہباز شریف سے خدمت انسانیت بارے بہت سیکھا ہے۔ شعبہ صحت کی بہتری وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی اوّلین ترجیح ہے۔ ڈاکٹری ایک انتہائی با عزت شعبہ ہے۔ ہمارے ڈاکٹرز پاکستان سمیت پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ شعبہ صحت میں میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ میرٹ کے بغیر ہمارا پیارا ملک پاکستان نہیں چل سکتا۔ حال ہی میں سو فیصد میرٹ پر 24 ہسپتالوں کے ایم ایس تعینات کئے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ بے عزتی کا باعث بننے والے عناصر کی نشاندہی کرکے محکمہ صحت سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ تمام بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی ری ویمپنگ کرنے جا رہے ہیں۔حکومت پنجاب صحت کارڈ کو جلد بہتر شکل میں لانچ کرے گی۔ ہمارے فریش گریجوایٹس کو بہترین ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی بننا چاہئے۔