ملکی ترقی میں اعلیٰ تعلیم کا اہم کردار، دور دراز علاقوں سہولیات مہیا کرنا ہوگی :گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر)چانسلر/گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے اٹک کیمپس کے منصوبے میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اٹک کیمپس کی جلد از جلد تکمیل کر کے کیمپس کو فعال کرنے اورکلاسوں کا اجرا ءکرنے کی ہدایت کی ۔تفصیلات کے مطابق چانسلر/گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے گورنر ہاﺅس لاہور میں پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے اٹک کیمپس کے بارے میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ گورنر پنجاب نے اجلاس میں پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی کے اٹک کیمپس کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے اٹک کیمپس کی جلد از جلد تکمیل کر کے کیمپس کو فعال کرنے اورکلاسوں کا اجرا کرنے کی ہدایت کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کیمپس کی تکمیل سے اٹک اور گرد و نواح کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ اور جدید تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں اعلیٰ تعلیم کا کلیدی کردار ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی سہولیات دینا بہت اہم ہے۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ کمیٹی کے ممبران سائٹ کا دورہ کر کے دس روز کے اندر رپورٹ پیش کریں گے تاکہ اٹک کیمپس کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی راولپنڈی ڈاکٹر نعیم، سپیشل سیکرٹری محکمہ زراعت ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت کیپٹن وقاص، گورنر سیکرٹریٹ سے پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کیپٹن (ر)ثاقب ظفر، سپیشل سیکرٹری اکیڈیمکس عبدالرحمن،شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری یونیورسٹیز طارق محمود اور اٹک سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد اور دیگر افسران موجود تھے۔