عجائب گھر قوموں کی تاریخ کا تعین کرتے ہیں، کمشنر فیصل آباد

فیصل آباد:(بیورو رپورٹ) میوزیم کے عالمی دن کے موقع پر لائل پور میوزیم میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر کمشنر سلوت سعید اور کیوریٹر میوزیم خورشید جیلانی نے دن کی مناسبت سے کیک کاٹا اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے معروف خطاط حافظ انجم محمود کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح بھی کیا ۔

سلوت سعید نے کہا کہ عجائب گھر قوموں کی تاریخ کا تعین کرتے ہیں ان کا تحفظ تہذیب و تمدن کو زندہ رکھتا ہے اور لائل پور میوزیم تاریخ ثقافت اور فن کو محفوظ بنانے اور اسے نئی نسلوں تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے جس کا عملی اظہار میوزیم میں سجائی جانے والی لائل پور سے تعلق رکھنے والے خطاط حافظ انجم کے خطاطی کے فن پاروں کی شاندار نمائش ہے۔

کمشنر نے کہا کہ اس سال میوزیم کے تھیم ''میوزیم فار ایجوکیشن اور ریسرچ '' کے مطابق لائل پور میوزیم کو طلباءاور محققین کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر پیش کر رہے ہیں اور اس میوزیم کو جدت سے ہم آہنگ بنانے میں شہری بھی ساتھ دیں۔انہوں نے فن پاروں میں گہری دلچسپی لی اور کہا کہ نمائش میں فن پاروں کی بدولت ثابت ہوا ہے کہ عجائب گھر تاریخ و ثقافت اور فن کے امین ہوتے ہیں اور فن پاروں کا پیغام بھی یہی ہے کہ نوجوان نسل لائل پور میوزیم کا رخ کرے جہاں انہیں خطاطی کے شاہکار دیکھنے کوملیں گے۔