شہریوں کو انصاف کی بروقت فراہمی افسران کی ذمہ داری ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھتے ہوئے جرائم کی سرکوبی اور شہریوں کو انصاف و خدمات کی باآسانی فراہمی کو یقینی بنانا سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ 1787 کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر موصولہ عوامی شکایات کے موثر فالو اپ اور داد رسی میں کارکردگی بہتر بنائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سائنٹیفک انوسٹی گیشن کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر فوکس کریں، مقدمات کی ورک آو¿ٹ شرح میں بہتری لائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تفتیش کے معیار میں بہتری کیلئے موثر سپرویژن کیساتھ ساتھ پراسیکوٹرز کے ساتھ موثر کوارڈینیشن یقینی بنائیں، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ڈکیتی، قتل، اغوا برائے تاوان سمیت سنگین جرائم کی تفتیش سینئر افسران اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، شیخوپورہ، ساہیوال ریجن کے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فردا فردا تمام ریجنز، اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لیا، لا اینڈ آرڈر اور کرائم کنٹرول کیلئے ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ منشیات کے خلاف جاری ڈرگ فری پنجاب مہم اور خواتین و بچوں کے تحفظ کیلئے ”Never Again“ کے تحت بروقت کاروائیوں میں تیزی لائی جائے اور کارکردگی رپورٹس سی پی او بھجوائی جائیں۔ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن محمد ادریس احمد، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان ، اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت سمیت دیگر افسران اجلاس میں موجود تھے۔دریں اثناءپنجاب پولیس نارووال نے اہم کاروائی کرتے ہوئے خواتین کیساتھ بدسلوکی ، ہراسگی اور نازیبا حرکات کرنے والے گروہ کے مجرموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات ”Never Again“ مہم کے تحت پولیس ٹیموں کی بروقت کاروائیاں جاری ہیں، نارووال میں تھانہ ندوکے کے علاقہ میں نہر کی پٹری پر خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات ، بلیک میلنگ اور ویڈیوز بنانے کی اطلاع موصول ہونے پر ڈی پی او نارووال محمد نوید نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سپیشل ٹیم تشکیل دی اور ڈی ایس پی صدر نارووال کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا۔ پولیس ٹیم نے تمام شواہد کے بغور جائزے اور بروقت کاروائی کرتے ہوئے متعدد مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، ڈی پی او نارووال نے کہا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے، قانون و انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں ، گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائیگی۔