میوہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح ،ایسے اقدامات کے ذریعے نظام میں شفافیت لانی ہوگی: سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میوہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ نظام میں شفافیت اور مریضوں کی آسانی کیلئے تمام ہسپتالوں میں اسی نوعیت کے سوفٹ ویئرز کی اشد ضرورت ہے۔باقی ہسپتالوں میں بھی اس سوفٹ ویئر سے استفادہ کیا جائیگا۔ سٹور مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ہمیں ادویات کا موجودہ سٹاک، فراہم کی جانے والی ادویات، پرچیز آرڈر و دیگر معلومات حاصل ہوں گی۔اس سوفٹ ویئر کے بعد مینوئل کام اور ایچ آر کی بچت ہو جائیگی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سٹور مینجمنٹ سسٹم ایک رئیل ٹائم سوفٹ ویئر ہے۔ ہمیں اسی نوعیت کے اقدامات کے ذریعے نظام میں شفافیت لانی ہوگی۔ اس رئیل ٹائم سوفٹ ویئر سے نہ صرف میوہسپتال بلکہ پورے صوبے کو فائدہ ہوگا۔وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ2012 میں ہماری حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں فارماسسٹ بھرتی کرنے کے اصولی اقدامات اٹھائے تھے۔ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں سو فیصد میرٹ پر پرنسپلز اور ایم ایس حضرات کی تعیناتی کی ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے میوہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کیلئے جدید سوفٹ ویئر کی لانچنگ پر میوہسپتال کی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور میوہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کیلئے خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔