پاکپتن پولیس نے اہلکار کی ہلاکت کے بعد تاجر کو گھر سے نکال کر قتل کیا
لاہور (کرائم رپورٹر) نواب ٹاون میں مبینہ پولیس مقابلے کی اصل حقیقت سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکپتن پولیس نے اپنے اہلکار کی ہلاکت کے بعدنواب ٹاون کے تاجر فیصل بٹ کوگھر سے نکال کر قتل کردیا۔ مبینہ پولیس مقابلہ جمعہ کی شب لاہور کے علاقے نواب ٹاون میں پیش آیا تھا جہاں پاکپتن پولیس تاجر یوسف بٹ کو لین دین کے معاملے پر گرفتار کرنے پہنچی تھی، پاکپتن پولیس نے 9 مارچ کو یوسف بٹ کیخلاف آئل ٹینکر کی ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا تھا جس میں ایک کروڑ 13 لاکھ 40 ہزار روپے کی ڈکیتی ظاہر کی گئی تھی۔ پاکپتن پولیس کے سب انسپکٹر فلک شیر سمیت 11 اہلکار پرائیویٹ گاڑیوں میں یوسف بٹ کے گھر پہنچے تھے جس پر یوسف بٹ کے بھائی فیصل بٹ نے سفید کپڑوں میں گھسنے والے اہلکار کو ڈاکو سمجھ کر فائرنگ کردی۔ اہل خانہ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار خلیل ہلاک ہوگیا تو پولیس اہلکاروں نے فیصل بٹ کو گھر سے باہر لا کر مار دیا اور ہلاک اہلکار خلیل کو ہسپتال لے جا کر وردی پہنا دی جس کی تصویریں بھی سامنے آگئیں۔ فیصل بٹ کے اہل خانہ کے مطابق فیصل بٹ ڈاکو نہیں، تاجر تھا اور فش مارکیٹ بھاٹی گیٹ کا جنر ل سیکرٹری بھی تھا۔ مقتول کی بیٹی کا کہنا ہے کہ اسکے بابا کو انکے سامنے گولیاں ماری گئیں، میرے بابا کو یوسف بٹ سمجھ کر مارا ان کا کوئی قصور بھی نہیں تھا، پولیس والے ہمارے گھر سے نقدی، زیور اور فونز بھی لے گئے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اعتراف کیا کہ یہ درست ہے کہ فیصل بٹ ڈاکو نہیں تھا، یہ لین دین کا معاملہ تھا تاہم اس نے پولیس پر گولی چلائی، جوابی کارروائی میں فیصل بٹ مارا گیا۔ مقتول کے اہل خانہ نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کا نوٹس لیں اور انہیں انصاف فراہم کریں۔
















