اسلامی بینکاری کیلئے لائسنسوں کے اجراءکا طریقہ طے کر دیا، وقاص کاشف

فیصل آباد: (بیورو رپورٹ) سٹیٹ بینک کے فیصل آباد میں چیف منیجر وقاص کاشف باجوہ نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک نے 31دسمبر2027ءتک ربا کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور قابل عمل بنیاد رکھ دی ہے تاہم اب تک مجموعی بینکنگ سسٹم میں اسلامی بینکنگ کا حصہ صرف 20فیصد ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں اسلامک ایکسپورٹ ری فنانس سکیم کے بارے میں آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی بینکنگ کیلئے قواعد و ضوابط کے علاوہ اسلامی بینکاری کیلئے لائسنسوں کے اجراءکا طریقہ کار بھی طے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح روایتی بینکوں کی اسلامی بینکوں میں منتقلی کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ شریعہ سکالر لوگوں کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ اسلامی بینک کس طرح روایتی بینکوں سے مختلف ہیں۔

سٹیٹ بینک کی ڈپٹی چیف منیجر قراة العین بلا ل ، ریجنل شریعہ کو آرڈی نیٹر عبدالباسط ، حذیفہ عبدالحسیب اختر نے بتایا کہ اسلامک ایکسپورٹ ری فنانس سکیم برآمد کنندگان کو رعایتی نرخوں پر سرمایہ فراہم کرنے کیلئے شروع کی گئی تھی جس کے دوحصے ہیں ۔ پہلے حصے میں برآمدات کیلئے سو فیصد تک جبکہ پارٹ ٹو میں براہ راست اور بلواسطہ برآمد کنندگان کو سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر سرمایہ مہیا کیا جاتا ہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ بینکوں کا تمام سرمایہ حکومت لے جاتی ہے جبکہ کاروباری افراد کیلئے کچھ نہیں بچتا۔ اس سال بھی حکومت نے 5.5ٹریلین کا قرض بینکوں سے لیا۔ موجودہ طریقہ کار کی وجہ سے اسلامی بینکنگ کے بارے میں بھی خدشات پیدا ہوتے ہیں جن کی قابل قبول وضاحت ضروری ہے تاکہ لوگوں کا اس طریقہ کار پر اعتماد بڑھ سکے۔