کمشنر ساہیوال کے روٹی، نان کی قیمت چیک کرنے کیلئے دورے

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا ہوٹلز اور ریسٹورنٹس پر روٹی اور نان کی قیمتیں چیک کرنے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ،روٹی اور نان کی قیمت نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے پر متعدد پر جرمانے عائد کئے اور وارننگ جاری کیں، پرائس مجسٹریٹس روٹی اور نان کی قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ روٹی اور نان کی نئی قیمت پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کا دورہ کیا۔انہوں نے روٹی اور نان کا میعار اور وزن بھی چیک کیا۔ چیکنگ کے دوران قیمت کا بینر آویزاں نہ کرنے پرمختلف ہوٹلز مالکان کو وارننگ بھی جاری کی گئیں۔ انہوں نے ہوٹل مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ روٹی اور نان کی قیمت کے حوالے سے بینرز نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں اور صفائی کے انتظامات کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مقررہ قیمت سے زائد قیمت وصول کرنے اور اوزان میں کمی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی چیکنگ کے دوران انہوں نے گاہکوں سے بھی روٹی اور نان کے معیار اور قیمت بارے تفصیلی بریفنگ لی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا مڈھالی روڈ کی تعمیرنو کے جاری کام میں سست روی پر اظہار ناراضگی، کام کو تیز کیا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں،مڈھالی روڈ، چرچ روڈ، کھوکھا بازار اور گلستان روڈ پر موجود تجاوزات کو بھی فوری ختم کروایا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے یقین دہانی کرائی کہ مڈھالی روڈ پر پتھر ڈالنے کا کام اسی ہفتے مکمل کرکے اگلے ہفتے کارپٹنگ کر دی جائے گی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ شہر کی سڑکوں کا پیچ ورک کے لئے جامع سکیم تیار کی جائے۔ بعدازاں انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے فریدٹا¶ن سٹاپ نمبر ایک سے سٹاپ نمبر چھ تک کے روڈ پر جاری مرمت کے کام کا جائزہ لیا اور کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتح شیر روڈ پر جاری ٹف ٹائل کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے اور الیکٹرک پولز لگانے کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔