ننکانہ صاحب:(نصر اقبال)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ننکانہ صاحب کو ماڈرن سٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد اور ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار کی زیرصدارت شہر کو ماڈرن سٹی بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ مدثر ممتاز ہرل، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، پبلک ہیلتھ، ہائی وے، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، سی او ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی سمیت متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی شریک تھے۔
محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں پونے سات ارب روپے کی خطیر رقم سے شہر کے سیوریج سسٹم کی از سر نو سے تعمیر کی جائے گی، شہر کی تمام سڑکوں کو بحال کیا جائے گا اور گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی جائیں گی، شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے داخلی راستوں پر گیٹ بنائے جائیں گے اور شہر کے تمام قبرستانوں کی چار دیواری بھی کی جائیں گیں جبکہ شہر کی ہر گلی اور محلے میں سٹریٹ لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں ماڈل ٹاو¿ن لاہور کی طرز پر بڑا پارک بنایا جائے گا جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں دل اور بچوں کے علاج کے لیے نئے بلاک بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
اجلاس میں شہر کے مختلف علاقوں میں نئے 35 واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔متعلقہ افسران کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ننکانہ سے بچیکی، ننکانہ سے موٹروے انٹرچینج، ریلوے روڑ سے واربرٹن بائی پاس سمیت دیگر شاہراہوں کی ری کارپیٹنگ بھی کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے متعلقہ افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو ماڈرن سٹی بنانے کے حوالے سے فی الفور فزیبلٹی رپورٹس بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کو ماڈرن سٹی بنانے کے حوالے سے جلد ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کوالٹی کا میٹریل استعمال ہونا چاہیے، ترقیاتی کاموں کا روزانہ کی بنیاد پر خود جائزہ لوں گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ضلع ننکانہ صاحب میں لانگ ٹرم منصوبے کا آغاز کر دیا ہے جس کی جلد تکمیل کی جائے گی۔ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ننکانہ صاحب کی عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی سرپرستی میں عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو ہر صورت پورا کریں گے اور ضلع کے تمام شہروں کو ماڈرن سٹیز بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا حکومت قصبوں اور دیہاتوں کی خوبصورتی کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔
ننکانہ صاحب شہر کو ماڈرن سٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا،مہر کاشف پڈھیار


















