فیصل آباد:(صداقت علی)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں قبضہ مافیا کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تجاوزات کو فوری ہٹا کر ان کی جگہ خوبصورت ماڈلز بنائے جائیں گے۔ سکولوں میں ہراسمنٹ کے کیسز کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے گزشتہ روز صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے ساتھ گورنمنٹ پاکستان ماڈل ہائی سکول کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں ہر مذہب کے پیروکاروں کو عزت دی جاتی ہے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ تاریخی عمارات کی تزئین وبحالی کے ساتھ ساتھ اس ورثے کو محفوظ بھی کرنا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہاایسا سکول بنانا چاہتے ہیں جس میں سکھ اور مسلمان برادری اکٹھی تعلیم حاصل کرے جس سے باہم رواداری کو فروغ ملے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی بہت زیادہ کمی ہے گزشتہ چھ سال سے ایک بھی استاد بھرتی نہیں کیا گیا اور اب ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ کی دستیابی کے لئے ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔وزیرتعلیم نے کہا کہ شکایت سیل اور پورٹل بنارہے ہیں جس میں ہراسمنٹ کی شکایات درج ہونگی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ ہم اسی سال بوٹی مافیا کا خاتمہ کردیں گے تاکہ لائق طلباءو طالبات کو ان کا حق مل سکے۔وزیراقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان رواداری،اخوت اور بھائی چارے کی فضارکھنے والا ایک مثالی ملک ہے۔سکھ کمیونٹی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے۔
سرکاری سکولوں میں قبضہ مافیا کو برداشت نہیں کیا جائے گا ، صوبائی وزیر تعلیم

















