PTIنے ملک کو قرضوں میں پھنسا دیا،ملک احمد خاں

قصور :(مہر حسن حسین) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمداحمد خاں ایڈووکیٹ سابق ممبر قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں ایڈوکیٹ نے چھینہ آرلہ میں میاں شہباز رفیع اور چوہدری صفدر علی کے فارم ہاﺅس پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔


سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمدخاں ایڈووکیٹ نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے نااہل حکمرانوں کی نااہلیوں کی سزا عوام مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عوام کو ریلیف دینے کا تہیہ کررکھا ہے۔ روٹی اور نان کی قیمت میں کی گئی کمی پر عمل درآمد کروانے کے لیے پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی ترقی اور عوام میں خوشحالی پیدا کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں۔

ملک احمد خاں نے کہاعوام کی طاقت سے مسلم لیگ ن کی وفاق اور پنجاب میں حکومت قائم ہوچکی ہے۔ تحریک انصاف کے ناتجربہ کاراور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا دیا تھا اگر میاں شہبازشریف پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حکومت نہ سنبھالتے تو ملک ڈیفالٹ ہوچکا تھا۔ میاں نوازشریف کی ہدایت پر ڈیفالٹ کے قریب پہنچے ہوئے پاکستان کو سنبھالا دینے کے لیے اپنی سیاست داﺅ پر لگادی،اب ملک بھی ترقی کرے گا اور عوام میں بھی خوشحالی آئے گی۔

سابق ممبر قومی اسمبلی ضمنی الیکشن حلقہ این اے 132سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر ملک رشید احمد خاں ایڈووکیٹ نے کہاکہ تین مرتبہ مسلسل کامیاب ہوکر عوام کی خدمت کی اور قیادت کی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچائے ۔ علاقہ کی تعمیرو ترقی میرا مشن ہے،عوام کی محبت سے 21اپریل کو کامیاب ہوکر اپنے ادھورے مشن کو مکمل کروں گا۔ پہلے بھی حلقہ کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاہے۔ آئندہ بھی وفاق اور پنجاب سے ترقیاتی کاموں کے لیے ملنے والے فنڈز کو عوام کی مشاورت سے حلقے کی تعمیروترقی کے لیے خرچ کریں گے۔