اے ڈی بی کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں میں کمیونٹی موبلائزیشن ضروری ہے : وزیر بلدیات

لاہور (خبرنگار) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے زور دیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں میں کمیونٹی موبلائزیشن ضروری ہے، عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کی شرکت کے بغیر مطلوبہ اہداف حاصل کرنا مشکل ہے۔ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز ڈویلپمنٹ انوسٹمنٹ پروگرام (پی آئی سی آئی آئی پی) کے دورے میں بریفنگ کے دوران انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اے ڈی پی نے فیز ون کیلئے 250 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کی ہے جس سے ساہیوال اور سیالکوٹ میں میونسپل خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ اجلاس میں سیالکوٹ سے رکن پنجاب اسمبلی فیصل اکرام بھی موجود تھے جبکہ ساہیوال سے ایم پی اے ملک ارشد نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی آئی سی آئی آئی پی ایم حمزہ سالک نے پروگرام کے تحت منصوبوں پر بریفنگ دی۔وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ ساہیوال اور سیالکوٹ میں میونسپل خدمات کے بڑھتے مسائل کے تناظر میں ایشین بینک کے تعاون کے ساتھ پی آئی سی آئی آئی پی کے تحت ماڈل پراجیکٹ شروع کیا گیا۔ محکمہ بلدیات اور پی ایم یو منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درمیانے اور چھوٹے شہروں کے مسائل بالخصوص زیادہ تکلیف دہ ہیں۔ اس ضمن میں پنجاب حکومت سیوریج، واٹر سپلائی سسٹم اور پارکوں کے قیام کی سکیموں پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ شہروں اور دیہات کے لئے یکساں فلاحی سکیموں کا آغاز کیا جائے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ دیہی آبادی بھی شہروں کے برابر شہری خدمات کی حقدار ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دونوں شہروں میں سالڈ ویسٹ سمیت تمام میونسپل خدمات پی آئی سی آئی آئی پی مہیا کرے گا۔ منصوبے کے تحت سیالکوٹ اور ساہیوال میں ادارہ جاتی سپورٹ یقینی بنائیں گے اور میونسپل خدمات سے متعلق اداروں کی استعدادکار بھی بڑھائی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلے مرحلے میں دیگر درمیانے شہروں کو اے ڈی پی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ پی آئی سی آئی آئی پی کے ماڈل پراجیکٹ کے تجربات سے سیکھ کر آگے بڑھیں گے۔ اجلاس کے دوران وزیر بلدیات نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ٹائم فریم کے مطابق منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔