ساہیوال:فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے

ساہیوال: (بےورورپورٹ)صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں ریسٹورنٹس، کریانہ سٹورز، نان شاپس اور بیکریوں سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر فوڈ بزنس مالکان کو بھاری جرمانے عائد، 50 کلو زائدالمیعاد اشیا، 100 لٹر مضر صحت پانی، 22 لٹر ایکسپائری مشروبات تلف کردیا گیا۔

ملتان بائی پاس روڈ، لیاقت شہید چوک، مال منڈی، عارف والا بائی پاس پر 5 ریسٹورنٹس کو کھانوں کی تیاری میں کھلے مصالحہ جات کا استعمال کرنے، کچن ایریا میں حشرات کی بھرمار ہونے، فریزر میں باسی خوراک کی سٹوریج، پانی کی تجزیہ رپورٹ موجود نہ ہونے پر 1 لاکھ 25 ہزار روپے کے جرمانے عائد کر دئیے گئے۔

وکیل مارکیٹ چیچہ وطنی میں سویٹس پر مردہ حشرات پائے جانے، تیار خوراک کو زمین پر سٹور کرنے پر بیکری کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ نزد ریلوے سٹیشن، روف مارکیٹ اور فیصل آباد روڈ اوکاڑہ میں 3 کریانہ سٹورز کو ایکسپائری خوراک فروخت کرنے، چائنہ نمک فروخت کرنے، ورکرز کے میڈیکلز سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی، صفائی کے ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر 45 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ مزید پپلی چوک دیپالپور میں بیکری کو بیکری آئٹمز کی تیاری میں کھلے اجزاءکا استعمال کرنے، پنجاب فوڈ پیور رولز کی خلاف ورزیوں پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

مزید برآں عارف والا میں کھانوں کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے، ایکسپائری مشروبات فروخت کرنے پر ہوٹل کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا رمضان المبارک میں ملاوٹ اور جعل ساز مافیا کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیںکیاجائے گا۔