ٹی بی، ہیپاٹائیٹس کی ادویات فراہمی کےلئے کورئیر سروس شروع کررہے ہیں :خواجہ عمران نذیر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے ورلڈ ٹی بی ڈے کے سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں آگہی واک کی قیادت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ٹی بی کی آگہی کے سلسلہ میں غبارے چھوڑے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول ڈاکٹر سہیل، ڈائریکٹر EPI ڈاکٹر مختار اعوان، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر ریاض احمد اور ڈاکٹر یداللہ بھی ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ٹی بی ایک موذی مرض ہے جس کے خاتمہ کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، محکمہ صحت عوام کے تعاون سے ٹی بی مرض کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ تمام مریضوں کو ادویات انکے گھر تک مفت پہنچائی جائیں، اس سلسہ میں ایک ماہ کے اندر گھر تک میڈیسن کی فراہمی کیلئے کورئیر سروس شروع کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت کا کہنا کہ مریضوں کے گھر کی دہلیز تک مفت ادویات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب باقاعدہ پلاننگ کے تحت جلد میدان عمل میں آئیگی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ٹی بی، ہیپاٹائٹس جیسی امراض سے نجات دلانے کیلئے ہماری حکومت پر عزم ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قرب و جوار میں کسی مریض میں ٹی بی کی علامات ہوں تو وہ ہمارے مراکز صحت، ٹی بی کلینکس سے مفت علاج کرا سکتے ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہسپتالوں کی نظام کی اوورہالنگ کی جارہی ہے جس کے تحت ہسپتالوں کی حالت میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ ڈائر یکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل نے کہا کہ ٹی بی کے خاتمہ کیلئے تمام ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول و ڈی جی ڈرگز کنٹرول ڈاکٹر سہیل نے کہا کہ اگلے چھ ماہ میں تمام بنیادی و دیہی مراکز صحت میں ٹی بی کلینکس قائم کئے جائیں گے جہاں مقامی سطح پر مریضوں ٹی بی کی ادویات اور ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔