لاہور (ہیلتھ رپورٹر) وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب خواجہ عمران نذیر سے خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ صحت میں ملاقات کی اور صحت عامہ کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سید قاسم علی شاہ کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ دونوں صوبے ہیلتھ سیکٹر میں ایک دوسرے کے نظام سے استفادہ کریں گے۔ سیاست اپنی جگہ، تاہم دیگر صوبوں کے وزرا صحت کے ساتھ ملکر عوام کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئی صوبہ اس وقت تک جعلی ادویات سے پاک نہیں ہو سکتا جب تک دوسرے صوبوں میں فول پروف نظام نہ رائج ہو۔ خواجہ عمران نزیر کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی ریویمپنگ مارچ 2024 تک مکمل کرلی جائے گی، بیسک ہیلتھ یونٹس اور رورل ہیلتھ سنٹرز کا تمام سٹرکچر ایک جیسے ڈیزائن کے مطابق بنایا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خیبرپختونخوا سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں پنجاب کی پروفیشنل اور ٹیکنیکل مہارت سے خیبر پختونخوا میں نظام صحت کی بہتری کیلئے استفادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نظام صحت میں جدید ایکوپمنٹس اور اپگریڈیشن قابل تحسین ہے۔سید قاسم علی شاہ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ہیلتھ سیکٹر کو بھی اپگریڈ کیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر صحت قاسم علی شاہ نے کہا کہ ملک میں معیاری اور سستی ادویات کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے بھی ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کرنے کا اعادہ کیا۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے خیبر پختونخوا کے وزیر صحت کو پنجاب کے ہیلتھ سسٹم اور ہیلتھ انشورنس ماڈل پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے سیکرٹری صحت اور انکی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر محکمہ صحت کے سپیشل سیکرٹریز صحت، پنجاب ہیلتھ کئیر کمشن کے نمائندہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈی جی ڈرگ کنٹرول، سی ای او پنجاب ہیلتھ انیشیٹیو مینجمنٹ کمپنی، دیگر پراجیکٹ ڈائریکٹرز موجود تھے۔ خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر برائے صحت اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر صحت خیبرپختونخوا کی محکمہ صحت آمد پر سپیشل سیکرٹری صحت محمد اقبال،ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل نے استقبال کیا۔ صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کا دورہ کیا اور ڈی ٹی ایل کے مختلف شعبہ جات دیکھے، ادویات کے نمونے جات کے تجزیے کے سسٹم کا معائنہ کیا۔ڈی جی ڈرگ کنٹرول نے صوبائی وزیر صحت کو ڈی ٹی ایل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا ہیپاٹائٹس پی سی آر، ٹی بی بی ایس ایل تھری لیبز بھی گئے، دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر ایف ایم سٹوڈیو بھی گئے، لائیو پروگرام میں شرکت کی، اپنا پیغام ریکارڈ کرایا۔سید قاسم علی شاہ نے HISDU میں مختلف شعبہ جات، میڈیا سیکشن، ورٹیکل پروگرامز کے ڈیش بورڈ، میڈیسن انوینٹری سسٹم،اور سرویلنس مانیٹرنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔
فول پروف نظام کے بغیر جعلی ادویات کی لعنت ختم نہیں ہوسکتی: خواجہ عمران نذیر



















