تحریک قومی سلامتی آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے امیدوار کھڑے کریگی:رضوان منیر

لاہور (سٹاف رپورٹر) تحریک قومی سلامتی آئندہ عام انتخابات میں پورے ملک سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار میدان میں اتاریگی اور صرف نئے اور قابل لوگوں کو ہی پارٹی ٹکٹ دئیے جائیں گے۔ چیئرمین تحریک قومی سلامتی رضوان منیر نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک عظیم پاکستان کے وجود میں آنے کے بعد سے اب تک نااہل سیاستدانوں کی اکثریت قومی سیاست پر غالب رہی ہے جس کی وجہ سے قیام پاکستان کو 76 سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود آج بھی پاکستان شدید معاشی بحرانوں کا شکار ہے اور نااہل سیاستدانوں کی وجہ سے ہی قوم بیرونی و اندرونی قرضوں میں جکڑی ہوئی ہے۔ ملک کا ہر شہری مہنگائی، بیروزگاری، کاروبار کے محدود مواقع، کرپشن اور بدامنی جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ پاکستان کو اب ایسے مخلص و اہل سیاستدانوں کی اشد ضرورت ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ، پرامن اور پوری دنیا میں باوقار بناسکیں۔ تحریک قومی سلامتی، مسالک، لسانیت اور فرقہ واریت سے بالاتر ہوکر قوم کو یکجا کریگی اور قوم کو ترجیحی بنیادوں پر تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن ملک کی جڑیں کھوکھلی کرچکی ہے اسلئے کرپشن کی روک تھام کیلئے بلاتفریق قانونی کارروائیں کی جائیں گی اور ملک میں کرپشن کو جڑ سے ختم کیا جائیگا۔