پھول نگرمیں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی،3کمسن جاں بحق
پھول نگر: (رانا محمد صابر)پھول نگر بائی پاس کے قریب واقع خانہ بدوشوں کی بستی میں پھرخسرے کی وبا پھوٹ پڑی،ایک ہفتہ کے دوران 3کمسن بچے اپنی جان کی بازی ہار گئے ۔
پھول نگر بائی پاس کے قریب دربار بابا خلیل شاہ کے سامنے واقع خانہ بدوشوں کی آبادی ایک عرصہ سے قائم ہے جہاں گزشتہ سال بھی خسرہ کی وبا پھوٹ پڑی تھی جس سے تین کمسن بچے خسرہ مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار گئے تھے مگرامسال پھر خسرہ جیسی مہلک بیماری نے اپنے پنجے گاڑ لیے ۔
پنجاب پریس کلب کے سینئرصحافیوں کی ٹیم جب متاثرہ بستی پہنچی تو ماجد علی ولد الہ دین نے انہیں بتایا کہ اس کا چھ سالہ بیٹا چند روز قبل ہی خسرہ جیسی مہلک بیماری سے انتقال کر گیا ہے اس نے بتایا کہ وہ سرکاری ہسپتال پھول نگر خسرہ کی دوائی لینے گیا تو ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کے پاس سرکاری طور پر خسرہ سے بچاو¿ کے لیے کوئی دوائی موجود نہیں ہے تاہم ڈاکٹر نے بخار کھانسی گلا خراب کی ادویات دے دیں مگر میرا بیٹا چند روز بعد ہی اللہ کو پیارا ہوگیا۔
ایک اور متاثرہ شخص مختار احمد ولد فاروق نے کہا15 سالہ بیٹا بھی خسرہ جیسے موزی مرض میں مبتلا ہو کر گزشتہ روز ہی فوت ہو گیا ہے حق نواز ولد محمد اسلم نے بتایا کہ اس کی چار سالہ بیٹی بھی خسرہ جیسی مہلک بیماری کا شکار ہو چکی ہے تا ہم اس وقت بھی بستی میں ایک درجن سے زائد بچے ابھی تک خسرہ جیسے مہلک مرض میں مبتلا ہیں جن میں سے چاربچوں کی حالت تشویشناک ہے انہوں نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کی پہلے آنکھیں خراب ہو جاتی ہیں پھر اس کے بعد انہیں کم دکھائی دینے کے ساتھ ساتھ دیگر امراض کا شکار ہوکر انتقال کر جاتے ہیں متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور محکمہ صحت پنجاب کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا ہمارے بچوں پر رحم کیا جائے اور ہماری داد رسی کی جائے اور خسرہ کے موزی مرض کی روک تھام کی جائے۔


















