تعمیراتی کاموں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پسپ پروگرام کے تحت جاری کاموں کے معائنے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، زیر تعمیر سڑکوں پر کام کا جائزہ لیا اور تعمیراتی معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے زیر تعمیر فتح شیر روڈ سے گڑوی والا پل، مال منڈی چوک سے کالج چوک اور مڈھالی روڈ کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔پسپ پروگرام کے سٹی اسجد خان اور انفرسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے سٹی منیجر پسپ پروگرام اسجد خان کو ہدایت کی کہ کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ زیر تعمیر سڑکوں کی وجہ سے شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔قبل ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقدہ پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پسپ پروگرام کے تحت شہر میں 10نئے فلٹریشن پلانٹس لگانے کے منصوبے میں سے7 پلانٹس کی تعمیرمکمل ہو گئی ہے اور ساتواں پلانٹ سنٹرل جیل ساہیوال کے مین گیٹ کے ساتھ مکمل ہوا جس سے ایک بڑے علاقے کی صاف پانی کی ضروریا ت پوری ہونگی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بھٹونگر میں پانی کے نئے کنکشن لگانے کا کام جاری ہے اور 160000 کنکشنز کے ہدف میں سے اب تک 114170کنکشن فراہم کئے جا چکے ہیں جو کل ہدف کا71فی صد ہیں۔ اسی طرح جہاز گرا¶نڈ کے علاقے میں پائپ بچھانے کے بعد مرمت کا کام بھی جاری ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے مسو کالونی اور گردونواح کی آبادی کیلئے جامع سیوریج سکیم تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان علاقوں کے سیوریج مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو سکیں۔