امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی جنوبی افریقہ کی درخواست غیراخلاقی ہے: اسرائیل

تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیل نے جنوبی افریقہ کی طرف سے اس درخواست کی بنیاد پر بین الاقوامی عدالت انصاف سے کئے گئے اس رجوع کو غیر اخلاقی قرار دیا ہے کہ عدالت انصاف اسرائیل کو غزہ میں انسانی بنیادوں پر امدادی سامان بڑھانے کیلئے ہدایت جاری کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے اس پس منظر میں بین الاقوامی عدالت انصاف سے یہ مطالبہ کیا کہ اسے اس امر کا پابند نہ بنایا جائے کہ وہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد بڑھائے اور امداد کی راہ میں پیدا کردہ رکاوٹیں دور کرے۔ اسرائیل کی طرف سے یہ بات اسی روز سامنے آئی ہے جب اسرائیل نے اقوام متحدہ کی ایجنسی اونروا چیف کے غزہ میں داخلے پر پابندی لگا دی ۔جنوبی افریقہ کی 6 مارچ کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں پیش کردہ درخواست منظر عام پر آئی۔ اسرائیل نے کہا کہ اسے غزہ میں انسانی صورتحال پر خود بھی بڑی تشویش ہے کہ وہاں ان معصوم انسانوں کی زندگیاں مشکل میں ہیں۔ جیسا کہ اسرائیل کے بہت سارے اقدامات سے بھی یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ اسرائیل انسانی بنیادوں کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ اسرائیل کے وکلا نے اس الزام کی تردید کی ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی پر جان بوجھ کر انسانی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے۔