ساہیوال:(بےورورپورٹ)پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پرو فیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کہا ہے کہ درخت انسانی زندگی کی بقاءاور اقتصادی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہیں، عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں تاکہ ماحول کو سرسبز اور خوشگوار رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے یہ بات گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال کے دیوسائی گارڈن میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب، ڈاکٹر فرخ شہزاد، ڈاکٹر سعدیہ حق، ڈاکٹر مہوش شاہ، ڈاکٹر قدسیہ حق، ڈاکٹر ام حبہ، ڈاکٹر عامر مجید، ڈاکٹر نثار دیگر فیکلٹی ممبران اور پیرامیڈیکل سٹاف بھی اس موقع پر موجود تھا جنہوں نے مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان نے کہا کہ درخت ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کا اہم ذریعہ ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں درختوں کی شدید قلت ہے جس کی بدولت ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم بہار کا آغاز ہو چکا ہے اس لئے ہر فرد موسم بہار کی شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور کثیر تعداد میں پودے لگائے تاکہ پودے سایہ دار درخت بن کر ہماری آنے والی نسلوں کے کام آسکیں۔
درخت انسانی بقا کیلئے انتہائی ضروری ہیں، ڈاکٹر عمران حسن


















