پولیس ملازمین کے قوت سماعت سے محروم بچوں کی صحت یابی مشن ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے قوت سماعت سے محروم ہر بچے کی صحت یابی مشن ہے اور اس کار خیر میں محکمہ پولیس ویلفیئر فنڈ سے ہر ممکن معاونت جاری رکھے گا۔ آئی جی پنجاب نے 5 پولیس ملازمین کے کم سن بچوں کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کیلئے 75 لاکھ روپے جاری کر دئیے، قبل ازیں پولیس ملازمین کے 15 بچوں کے کوکلیئر امپلانٹ کیلئے فنڈز جاری کئے گئے جبکہ 13 کی سرجریز بھی ہو چکی ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کوکلیئر امپلانٹ سرجری سے سپیشل بچے نارمل انداز میں سننے، زندگی گزارنے کے قابل ہوجائیں گے۔دریں اثناءآئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق خواتین پولیس افسران کے دفاتر کی اپ گریڈیشن تیزی سے جاری ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی انویسٹی گیشن سٹی ڈویژن لاہور کے دفتر کا دورہ کیا ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی انوسٹی گیشن سٹی ڈویڑن کے دفتر میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا، ایس پی منزہ کرامت نے آئی جی پنجاب کو دفتر کی صورتحال، دستیاب ہیومن ریسورس اور سہولیات بارے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیںڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ کے علاقہ نوشہرہ ورکاں میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے دو بھائیوں تجمل اور غلام غوث کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او گوجرانوالہ کو سپیشل ٹیم تشکیل دینے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حکم دیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب پولیس خواتین کے تحفظ کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے اور خواتین کے ساتھ زیادتی اور ہراسگی اب نہیں کے سلوگن پر کار فرما ہے اسی سلسلے میں پنجاب پولیس نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے قصور کے علاقہ کھڈیاں خاص میں خواتین کو ہنی ٹریپ سے پھنسا کر زیادتی اور بلیک میل کرنے والا جنسی درندہ گرفتار کر لیا ہے۔